Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روبینہ اشرف: ’کورونا لطیفہ یا فرنگی سازش نہیں‘

روبینہ اشرف کئی دہائیوں سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستانی اداکارہ روبینہ اشرف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی طبیعت بگڑنے اور ہسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں تو سوشل میڈیا صارفین ان کی اور دیگر کورونا مریضوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستانی اداکارہ روبینہ اشرف نے طبیعت کی خرابی کی وجہ سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے۔ رپورٹس آنے کے بعد اداکارہ نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے تقریبا چھ دنوں بعد سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر یہ اطلاع سامنے آئی کہ روبینہ اشرف کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی ہے جس پر انہیں ہسپتال اور پھر انتہائی نگہداشت کے مرکز (آئی سی یو) منتقل کر دیا گیا۔
روبینہ اشرف کی صحت کے متعلق تشویشناک اپ ڈیٹس کے بعد ان کا نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔ اس دوران گفتگو کا حصہ بننے والے صارفین میں شوبز سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد شامل ہوئے تو سبھی نے اداکارہ کی جلد اور مکمل صحت کے لیے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صبا چوہدری نے انہیں باوقار اور حوصلہ دینے والی شخصیت کہتے ہوئے ان کے انداز گفتگو، پرفارمنس سے محبت کا ذکر کیا تو جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
 

سینئر سکرین رائٹر، اداکار اور ہدایت کار سید محمد احمد نے انسٹاگرام پوسٹ میں روبینہ اشرف کی تصویر شیئر کی تو ساتھ ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔
 

ہمایوں سعید نے روبینہ اشرف کی صحتیابی کے لیے دعا پر مبنی ٹویٹ کی تو ماہرہ خان نے اپنے مختصر کمنٹ میں دعائیہ لفظ کے ذریعے اس سے اتفاق ظاہر کیا۔
 

اداکار و پروڈیوسر اسامہ طاہر نے اپنے تبصرے میں کورونا کو مذاق سمجھنے والوں کو مخاطب کیا تو لکھا روبینہ اشرف اس وقت ہسپتال میں وائرس سے نبردآزما ہیں۔ دعائے صحت کی اپیل کے ساتھ انہوں نے لکھا اسے لطیفہ یا فرنگی سازش کے طور پر نہ لیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ہجوم سے دور رہنے اور صفائی برقرار رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے غیرضروری طور پر باہر جانے سے احتیاط کی اپیل کی۔
 

اداکارہ منشا پاشا نے روبینہ اشرف کی صحتیابی کے لیے دعا کو اپنی سوشل میڈیا سرگرمی کا حصہ بنایا۔
 

اداکارہ و پروڈیوسر اینجلینا ملک نے روبینہ اشرف کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
 

پاکستانی اداکار علی رحمن خان نے روبینہ اشرف کی طبیعت کی ناسازی کا ذکر کیا تو ساتھ ہی درخواست کی کہ ان کی صحت کے لیے دعا کی جائے۔
 

سیدہ بشری اقبال نامی یوزر روبینہ اشرف کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ کے ساتھ سامنے آئیں تو انہوں نے لکھا کہ وہ بہتر ہو رہی ہیں۔
 

پاکستان میں تیزی سے پھیلنے کورونا وائرس کے نتیجے میں اب تک شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد بھی وبا کا نشانہ بنے ہیں۔ روبینہ اشرف سے قبل ندا یاسر، یاسر نواز، علیزے شاہ، نوید رضا، ابرار الحق اور سکینہ سموں کے وائرس میں مبتلا ہونے کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: