ڈرامہ سیریز گیسٹ ہاؤس کے ’مراد‘ اب ہم میں نہیں رہے
گیسٹ ہاؤس میں کام کرنے کے بعد طارق ملک کو لوگ مراد کے نام سے جاننے لگے تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
گیسٹ ہاؤس پی ٹی وی کا ایک ایسا ڈرامہ ہے جس نے اپنے دور میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔ اس ڈرامے میں مسافروں کو درپیش مسائل کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا جاتا تھا۔ اس کی کہانی کے تمام کردار ہی اپنی مثال آپ تھے جنھیں آج تک یاد کیا جاتا ہے اور آئندہ بھی یاد کیا جائے گا۔
گیسٹ ہاؤس کے ایک جانے پہچانے کردار 'مراد' اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
باسط سبحانی نے ٹوئٹر پر گیسٹ ہاؤس کے مشہور اداکار طارق ملک افضل کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’معروف اداکار طارق ملک اب ہم میں نہیں رہے، دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے وہ راولپنڈی میں انتقال کر گئے ہیں۔'
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے باسط سبحانی نے بتایا کہ ’ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے تاہم کچھ دن قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔‘
ان کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے مریڑ حسن قبرستان عقب آئیسکو دفتر راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس خبر پر افسردگی کا اظہار کیا اور ان کے لیے مغفرت کی دعائیں بھی کی ہیں۔
ٹوئٹر صارف راشد ہاشمی نے لکھا کہ ’اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے! آمین۔ مراد کا کردار اتنا مشہور ہوا کہ سبھی انہیں اصل نام کے بجائے اس نام سے جانتے تھے۔'
جس کے جواب میں باسط سبحانی نے ان کی اداکاری کے حوالے سے لکھا کہ ’ٹپ ٹپ کرتا میں کمرے میں آیا ہوں، کیا کمال رول کیا۔‘
اس ڈرامے کے ہدایت کار رؤف خالد تھے جب کہ ڈرامے کے اصل ہیرو افضل خان عرف 'جان ریمبو' تھے۔ ڈرامے میں افضل خان نے ایک 'گیسٹ ہاوٴس' کے خاکروب کا کردار ادا کیا تھا۔
یہ کردار اس قدر مشہور ہوا کہ نہ صرف لوگوں کے دل میں گھر کر گیا بلکہ افضل خان کو فن کی دنیا میں امر بھی کر گیا۔
اس دور میں ثروت عتیق بہت کم ڈراموں میں نظر آتی تھیں لیکن گیسٹ ہاؤس میں انہوں نے ’مسز شمیم ‘ کا کردار بہت خوب نبھایا تھا۔