ڈرامہ سیریل دلبربا میں مرکزی کردار ہانیا عامر ادا کر رہی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
گھر پر رہیں، محفوظ ہیں لیکن اگر گھر پر رہنا ہے تو خود کو مصروف رکھنے کے لیے آپ کے پاس پاکستانی ڈراموں کی ایک ایسی لسٹ ہونی چاہیے جو آپ کو بور ہونے سے بچا سکے۔
اُردو نیوز نے ایسے پانچ ڈراموں کی لسٹ مرتب کی ہے جو اس عید پر فارغ اوقات میں آپ دیکھ سکتے ہیں اور ان ڈراموں کو آغاز سے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
دلرُبا
دلربا میں مرکزی کردار ہانیا عامر ادا کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اس ڈرامے میں اُن کے ساتھ شیروز سبزواری، موہیب مرزا، سید جبران اور نبیل زوبیری شامل ہیں۔ اس ڈرامے کے ڈائریکٹر علی حسن ہیں جبکہ اس کی مصنفہ قیصرہ حیات اور پروڈیوسر مومینہ دورید ہیں۔
اس ڈرامے میں ہانیہ عامر کو انٹرنیٹ سیلبرٹی کے طور پر دیکھایا گیا ہے۔ ناقدین کی جانب سے اس ڈرامے کے مثبت ریوییوز سامنے آ رہے ہیں۔
ثبات
ڈرامہ سیریل ثبات کے مرکزی کرداروں میں ماورہ حسین، سارہ خان، عثمان مختار شامل ہیں۔ اس ڈرامے کے منفرد اور حقیقت کے قریب ہونے کی وجہ سے اس کو کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ یوٹیوب پر صرف چند ہی قسطوں کو کئی لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی متوسط طبقے اور ہائی کلاس سوسائیٹی کے گرد گھومتی ہے۔ اس ڈرامے کی مصنف کاشف انور اور ڈائریکٹر شہزاد کشیمری ہیں۔
پیار کے صدقے
اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والوں میں یومنا زیدی اور بلال عباس شامل ہیں۔ اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں یومنا زیدی کے کردار کو انتہائی معصوم اور مزاحیہ انداز میں دیکھایا گیا ہے۔ اس کے مصنف زنجابیل عاصم شاہ جبکہ ڈائریکٹر فاروق رند ہیں۔ ٹک ٹاک پر یومنا کے انداز پر کئی لوگ ویڈیوز بنا کر لاکھوں ویوز بھی حاصل کر رہے ہیں۔
راز الفت
اس ڈرامے کی مصنف ماہا ملک اور ڈائریکٹر سراجِ الحق ہیں۔ اس کی کہانی میں یومنا زیدی ایک ایسے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جس میں ان کے والد کا اپنی بیٹی کے ساتھ رویہ بہت سخت ہے۔ یومنا کے ساتھ اس میں شہزاد شیخ بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔
میرا دل میرا دشمن
اس ڈرامہ سیریل کی کہانی کو حقیقت کے قریب ہونے کی وجہ سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ اس ڈرامے میں پیسوں کے لیے ایک نوجوان لڑکی کی اپنے سے زیادہ عمر والے شخص کے ساتھ شادی کروا دی جاتی ہے۔ اس ڈرامے میں علیزے شاہ، یاسر نواز اور نعمان سامی مختلف کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے مصنف مرزا عاصم بیگ اور ہمیرا صفدر ہیں۔
امید ہے بہترین ڈراموں کے بارے میں جاننے کے بعد آپ کی عید بہتر گزرے گی اور سیمنا گھروں کے بند ہونے کے باوجود آپ خود کو گھر پر کی انٹرٹینمنٹ فراہم کر سکیں گے۔