Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ مثبت آیا تو صوبے سے نکلنے پر پابندی

پاکستان نے لاک ڈاؤن کے دوران تقریبا دو ماہ تک ملکی ایئرپورٹس بند رکھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے ایئر پورٹس سے خصوصی بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نظرثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں جو 15 جون تک نافذ العمل رہیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کروانا کمرشل و پرائیویٹ فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔
قواعد و ضوابط کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے گھر پر قرنطینہ ہونے کی شق برقرار رکھی گئی ہے جبکہ جن مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو ان کے لیے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی۔
نظرثانی شدہ قواعد و ضوابط کا اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جن کا  اطلاق تمام کمرشل اور نجی پروازوں پر ہوگا۔
ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14 روز تک قرنطینہ میں رہ سکیں گے۔
شرائط کے مطابق اگر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہوئیں تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا۔
نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق اگر ٹیسٹ مثبت ہوا مگر مسافر کی حالت خراب نہ ہوئی تو ایسے مسافرکو ہوم قرنطینہ کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ مثبت کورونا ٹیسٹ کی صورت مسافر پر ایک سے دوسرے صوبے میں جانے پر پابندی ہوگی۔
حسب سابق پرواز کی پاکستان آمد یا روانگی سی اے اے کی اجازت سے مشروط رہے گی اور جہاز کو اڑان بھرنے سے پہلے جراثیم سے پاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔
جہاز میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کا ضروری ذخیرہ لازمی ہے جبکہ مسافروں اور جہاز کے عملے کو ذاتی حفاظت اور سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیرون ملک پھنسے پاکتستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جہاز میں دوران پرواز مسافروں کی نشستوں کا پلان تصاویر کی صورت سی اے اے کو بھجوایا جائے گا اور پرواز کے ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد مسافروں کا سامان جراثیم سے پاک کر کے دیا جائے گا۔
 پرواز کے مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھی جمع کرانا لازمی ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق تمام ایئرپورٹس کے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لاونجز میں پرواز کے عملے اور مسافروں کی خود کار  تھرمل اسکینرز سے سکینگ لازمی ہوگی
 بیرون سے آنے والی پروازوں کے کیبن کریو کے کورونا ٹیسٹ ترجیحاً ہوں گے جبکہ کارگو میں ڈیڈ باڈیز لانے والے عملے کے ٹیسٹ بھی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

شیئر: