Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترسیلات زر کے مراکز ہفتہ بھر کام کریں گے

موبائل یونٹس کے ذریعے خدمات کا دائرہ وسیع کیاجائے(فوٹو، ٹویٹر)
سعودی مانیٹری اتھارٹی نے کورونا سے بچاو کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کرنے کی شرط پر مملکت میں قائم ’منی ٹرانسفر‘ بینکوں کو ہفتے کے ساتوں دن کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی مانیٹری اتھارٹی ’ساما‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت میں ترسیلات زر کے شعبے سے منسلک بینکوں 2 روزہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی صبح 7 سے شام 5 بجے تک کام کرسکتے ہیں‘۔

 سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے(فوٹو، سوشل میڈیا)

مقامی ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ نے ساما کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ترسیلات زر کے شعبے سے منسلک بینکوں میں کورونا سے بچاو کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے کام کیا جائے ، اس دوران رقوم کی وصولی اور منتقلی کے لیے ساما کی جانب سے جاری ہدایات کی سختی سے پابندی کی جائے ‘۔
ساما کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بینکوں کی انتظامیہ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ بینکوں میں ازدحام نہ ہونے پائے، برانچوں کے اندر اور باہر صارفین کی قطاروں کے درمیان فاصلے کے اصول کو یقینی بنایا جائے‘۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے سینیٹائزر برانچوں میں رکھا جائے۔ جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ آن لائن منی ٹرانسفر کی سہولت بھی بدستور برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ بینکوں کی جانب سے کوشش کی جائے کہ بینکوں کی موبائل سروس کے ذریعے مختلف بڑی کمپنیوں تک اپنی خدمات فراہم کی جائیں تاکہ لوگوں کو برانچوں میں آنے کی زحمت نہ ہو اور وہ اپنے اداروں میں آنے والے موبائل یونٹس کے ذریعہ آسانی سے رقوم بھیج سکیں۔
ترسیلات زر کے بینک اپنی خدمات کی آن لائن سروس کو مزید فعال بناتے ہوئے اس کی تشہیر کریں تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ آن لائن سروس کے ذریعے رقوم ارسال کریں۔

آن لائن ٹرانسفر کی سہولت بھی برقرار رکھی جائے گی(فوٹو، ٹویٹر)

واضح رہے سعودی عرب میں مقیم بیشتر غیر ملکی مہینے کے آغاز میں بڑی تعداد میں اپنے ملک رقوم بھیجنے کےلیے بینک جاتے ہیں جس کی وجہ سے مہینے کی ابتدائی تاریخوں میں بینکوں کے اندر اور باہرلمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔
سعودی مانیٹری اتھارٹی نے ازدحام کو ختم کرنے کے لیے مذکورہ فیصلہ کیا ہے تاکہ کورونا سے بچاو کے لیے سماجی فاصلے کے اصول کویقینی بنایاجاسکے

شیئر: