Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا پھیلاؤ: لاہور کے نو علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رات 12 بجے (پیر اور منگل کی درمیانی رات) سے لاہور کے کئی علاقے بند کر دیے جائیں گے، کھانے پینے اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
پیر کے روز لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اعلان کیا کہ شاہدرہ، والٹ سٹی، شاد باغ، ہربنس پورہ، نشتر پارک، علامہ اقبال ٹاؤن اور کینٹ کے کچھ علاقوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔
'ان علاقوں کی بندش کا دورانیہ دو ہفتے ہو گا تاہم اگر حالات میں بہتری نظر آتی ہے تو انہیں پہلے بھی کھولا جا سکتا ہے۔'

 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے دیگر علاقوں کے مکینوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کریں۔
'اگر دیگر علاقوں میں بھی کیسز کی بہتات دکھائی دی تو ان کو بھی سیل کیا جا سکتا ہے۔'
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔
وزیر صحت نے ماسک کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کو پہن کر انسان پچاس فیصد تک بیماری سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ عوام لازمی طور پر احتیاط کریں۔
'ہر گھر میں بزرگ موجود ہیں اس لیے سب لوگ احتیاط کریں تاکہ ان تک بیماری نہ پہنچے۔'
 

انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جائے اور معیشت بھی چلتی رہے۔
انہوں نے شعبہ صحت کی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں سہولیات موجود ہیں، مزید بستر بھی بڑھائے جا رہے ہیں جبکہ وینٹی لیٹرز اور دیگر سامان بھی دستیاب ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہیلپ لائن نمبر بتاتے ہوئے کہا کہ 042-99211136/7-8 پر کال کر کے مدد اور رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
 

شیئر: