Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں' کہنے والے طارق عزیز چل بسے

پاکستان کے نامور ٹی وی میزبان، اداکار اور شاعر طارق عزیر لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے ہدایتکار قیصر افتخار نے اردو نیوز کے نامہ نگار شاہنواز سے بات کرتے ہوئے طارق عزیز کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد میاں عبد العزیز پاکستانی 1947 میں پاکستان ہجرت کر آئے۔
طارق عزیر نے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں ہی حاصل کی۔ انہوں نے میڈیا کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے طارق عزیز کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’طارق عزیز کی رحلت کے بارے میں جان کر نہایت افسردہ ہوں۔ وہ اپنے دور کی ایک نامور شخصیت اور ٹیلی ویژن پر تفریحی پروگرام (ٹی وی گیم شو) کے موجد تھے۔‘

1964ء میں جب پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے پہلے مرد اناؤنسر بنے۔
1975 میں شروع ہونے والے سٹیج شو نیلام گھر نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ نیلام گھر کو بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔
انہوں نے فلموں میں بھی اداکاری بھی کی۔ طارق عزیز کی سب سے پہلی فلم انسانیت تھی۔ سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان ان کی دیگر فلمیں ہیں۔
طارق عزیز کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو تعزیت کرنے اور ان سے متعلق یادیں تازہ کرنے والوں کی کثرت کے باعث ان کا نام فوری طور پر ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔
پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے انہیں ’لیجنڈری ہوسٹ‘ اور ’’انٹیلکچوئل پاورہاؤس‘ پکارا تو ساتھ ہی اعتراف کیا کہ ان کے جملے اب بھی کانوں میں گونج رہے ہیں۔

پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر نے تعزیتی پیغام کے ساتھ لکھا ’آپ نے ہمیں یادوں بھرا بچپن دیا۔۔۔۔ ہم اپنے ہیرو جلد بھول جاتے ہیں لیکن مجھے یقین ہے آپ کو نہیں بھلایا جا سکے گا‘۔
 

علی حسن نامی صارف نے طارق عزیز کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وہ 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے متعلق اعلان کرتے دیکھے اور سنے جا سکتے ہیں۔
 
حکومتِ پاکستان کی طرف سے انہیں 1992ء میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔ طارق عزیز نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1997 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر لاہور سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: