انڈیا میں آٹھ دن میں ایک لاکھ نئے کیسز، مودی کا یوگا پر زور
اتوار 21 جون 2020 12:47
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
انڈیا میں کورونا کے پہلے ایک لاکھ کیسز 78 دنوں میں سامنے آئے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور گذشتہ چار دنوں سے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 15 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ سنیچر کو 14 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔
انڈیا میں پہلے ایک لاکھ کورونا مثبت کیسز کی تعداد 78 دنوں میں ہوئی جبکہ اگلے ایک لاکھ کیسز صرف 15 دنوں میں سامنے آئے۔
دو لاکھ سے کیسز کی تعداد تین لاکھ تک پہنچنے میں محض دس دنوں کا دورانیہ تھا۔ گزشتہ آٹھ دنوں میں مزید ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب کل تعداد چار لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 306 افراد کی موت ہوئی ہے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 254 ہو گئی ہے۔
انڈیا میں متاثرین کی کل تعداد چار لاکھ دس ہزار 461 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد سوا دو لاکھ سے زیادہ ہے۔
ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو یوگا انٹرنیشنل ڈے کے موقعے پر کہا کہ قوت مدافعت بڑھانے اور کورونا سے لڑنے کے لیے یوگا کو اپنائیں۔
انھوں نے کہا کہ 'کووڈ 19 ہمارے سانس لینے کے نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور ہمارے سانس لینے کے نظام کو یوگا قوت فراہم کرتا ہے۔ یوگا سانس لینے کی ورزش ہے۔ دنیا بھر میں بہت سے کورونا کے مریضوں کو یوگا سے فائدہ پہنچا ہے۔'
انڈیا نے کورونا کی جانچ میں اضافہ کیا ہے اور وزرات صحت کے مطابق سنیچر کو ایک لاکھ 90 ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر انڈیا بھر میں 68 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
مغربی ریاست مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں سوا لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں جبکہ تقریبا چھ ہزار افراد اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
دارالحکومت دہلی میں بھی مسلسل کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اب تک مجموعی طور پر 56 ہزار متاثرین سامنے آئے ہیں۔ دہلی کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے مہنگے علاج کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے کہا ہے کہ اب آئی سی یو کے لیے ایک دن میں 18 ہزار روپے سے زیادہ چارج نہیں کیا جائے گا۔