Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کراچی کو بھی محبت لینا آتی ہے‘

اداکار گھرانے کی فرد ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں (فوٹو زارا نور عباس)
عہد وفا سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کرنے والے زارا نور عباس صدیقی نے اپنے فینز کو سوال پوچھنے کا موقع دیا تو صارفین نے ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی سے لے کر ان کی دلچسپیوں اور تجربات تک کا احاطہ کر ڈالا۔
30سالہ پاکستانی اداکارہ ٹرین کے ذریعے اپنے ہوم ٹاؤن جانے لگیں تو انہوں نے ٹوئٹر صارفین سے پوچھا کہ ’آسک زارا‘ کے بارے میں کیا خیال ہے؟
ٹوئٹر یوزرز نے ہاں یا نہ کے بجائے ٹویٹس کے ذریعے ان کے سوال کا جواب دیا اور ڈھیروں سوالات کر ڈالے۔
اسد صدیقی کے ساتھ شادی شدہ زندگی گزارنے والی زارا نور عباس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا ’سفر کے دوران ٹریک پر ٹائروں کے ٹکرانے سے پیدا ہونے والی کلاسک آوازوں سے محظوظ ہو رہی ہوں۔ بچپن کی یادیں تازہ ہو گئیں‘۔
 

 
روحان آصف نے زارا کو عمدہ ایکٹر قرار دے کر ان کی صلاحیتوں کو سراہا ساتھ ہی ان کے شوہر اسد کے مزاح کے متعلق سوال کیا۔ جواب میں زارا نور عباس بہت کم کہہ کر سب کچھ کہہ گئیں۔ ایک اور موقعے پر ان سے پسندیدہ کو سٹارز کا پوچھا گیا تو بھی زارا شوہر کا ذکر کرنا نہیں بھولیں۔
 

فرید نامی صارف نے ان کے دھیمے انداز سے متعلق سوال کیا تو پوچھا کہ یہ دھیما پن کہاں سے آیا، ہر صورتحال میں خوش اخلاق کیسے رہ پاتی ہیں؟ جواب ملا کہ آپ صحیح ہوں یا غلط، لفظوں کا انتخاب آپ کو بناتا یا بگاڑتا ہے، میں لہجوں پر بھی یقین رکھتی ہوں‘۔

پسندیدہ شہر کا سوال کرنے والی ثمرہ افتخار احمد نے کراچی اور لاہور کو آمنے سامنے کھڑا کیا تو زارا نے کسی کو بھی ناراض ہونے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے لکھا ’لاہور تو لاہور ہے مگر کراچی کو اپنے حصے کی محبت لینا آتی ہے‘۔

ہالی وڈ اور بالی وڈ کا سوال کیا گیا تو جواب میں لالی وڈ کو اپنا انتخاب بتانے والی زارا نور عباس سے صارفین نے ان کی آنے والی فلم ’آن‘ کے متعلق سوالات بھی کیے۔ کورونا وائرس کی صورتحال میں فلم کی تیاری کا عمل رک جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اداکارہ نے تھوڑا سا مزید انتظار کرنے کا کہا۔

اپنی پلے لسٹ میں بار بار کس گانے کو سنتی ہیں کا سوال ہوا تو زارا کا کہنا تھا کہ وہ عاطف اسلم کی آواز میں حمدیہ کلام ’وہی خدا ہے‘ کو سنتی ہیں۔ زندگی کی خوبصورتیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’والدین، ان کی آنکھیں۔ بچے اور ان کی خوشیاں و معصومیت۔ زندگی بے رحم اور مشکل ہے لیکن آپ اس سے بھی زیادہ سخت ہیں۔ اگر آپ اجازت دیں گے تو یہ آپ کو توڑ سکتی ہے‘۔

اختیار ملنے پر دنیا سے خراب چیزوں کو ختم کرنے کی ذاتی فہرست کو طویل بتانے والی زارا نے ناانصافی اور عدم مساوات کا خصوصی ذکر کیا۔

سیلبرٹیز سے سوال و جواب ہوں تو دیگر باتوں کی طرح کھانے کی پسند بھی ضرور پوچھی جاتی ہے۔ زارا کے سامنے یہ سوال آیا تو انہوں نے اپنی والدہ کے ہاتھ کے بنے آلو کوفتے کو ترجیح دی۔

امی کے ہاتھ کے کھانے کو پسند کرنے والی زارا نور عباس اہلخاہ کے ساتھ اداکاری کے معاملے پر مختلف رائے رکھتی ہیں۔ اپنے حالیہ ڈرامے ’زیبائش‘ میں والدہ، خالہ اور شوہر کے ساتھ کام کرنے اور شائقین سے ملا جلا ردعمل حاصل کرنے والی زارا ایک حالیہ گفتگو میں فیملی کے ساتھ کام کے تجربے کو خاصا مشکل کہہ چکی ہیں۔

پاکستانی ڈرامے ’خاموشی‘ کی ارسلا بڑی سکرین پر بھی خود کو منوانے کے لیے تیار ہیں۔ ڈیبیو فلم ’پرے ہٹ لو‘ کے بعد اپنی زیرتکمیل فلم ’آن‘ میں زارا نور عباس، فواد خان اور صنم سعید کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ عمیرہ احمد کی تحریر کو ہدایتکار حسیب حسن ہمدان فلمز کے زیراہتمام تیار کر رہے ہیں
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: