عالمگیر نے اپنی بیماری کی خبروں کو غلط قرار دے دیا (تصویر: فیس بک )
کورونا وائرس کے دوران سوشل میڈیا پر مختلف اداکاروں اور موسیقاروں کی صحت سے متعلق افواہیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اکثر سوشل میڈیا صارفین ایسی خبروں کی تصدیق کیے بغیر آگے شیئر بھی کر دیتے ہیں۔
کچھ روز سے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عالمگیر کی صحت سے متلعق مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے ان کی دوست بشریٰ انصاری کی انسٹاگرام ویڈیو منظر عام پر آئی تو سب افواہیں جھوٹی پڑ گئیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بشریٰ انصاری واٹس ایپ کال پر عالمگیر کی خیریت معلوم کر رہی ہیں اور یہ جان کر خوش ہیں کہ وہ بالکل صحت مند اور ٹھیک ہیں۔
عالمگیر نے ’دیکھا نہ تھا کبھی ہم نے یہ سماں‘ کی وجہ سے بہت شہرت حاصل کی۔
بشریٰ انصاری کال پر مزاحیہ انداز میں انہیں کہہ رہی ہیں کہ تم اب 100 سال کے ہوگئے ہو، تمہیں مرنے کا کوئی حق نہیں۔
’مجھے تمہاری عادت پڑ گئی ہے، میں نے سب لوگوں کو لکھا ہے کہ یہ سب بند کریں ہمیں یہ خبر کبھی نہیں سننی۔‘
بشریٰ انصاری نے انہیں صحت کی دعا دیتے ہوئے کہا کہ 'تم بہت بہادر ہو، اتنے دنوں سے اپنی بیماری سے لڑ رہے ہو، خوش رہو اور اپنا خیال رکھو‘
عالمگیر کو پاکستان میں پاپ گلوکاری کا بانی مانا جاتا ہے۔ ان کے گانے آج بھی نوجوانوں میں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔
افواہوں کے بعد گلوکار عالمگیر کی جانب سے بھی فیس بک پیج پر ان کی موت سے متلعق تمام خبروں کو غلط قرار دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ ’میں مکمل صحت یاب ہوں، کراچی میں ہوں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر سے نہیں نکلتا، میرے حوالے سے غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں۔ سوشل میڈیا پر غلط خبریں چلنے سے دنیا بھر سے فون آرہے ہیں۔‘