خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں پی آئی اے اور مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذر یعے مہیا ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو جدہ سے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پانچ سو مسافر وطن روانہ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کو ریاض اور دمام سے دو مزید پروازوں کے ذریعے تین سو 90 مسافر وطن روانہ ہوئے تھے جبکہ اتوار کو جدہ، دمام اور ریاض سے چھ پروازوں کے ذریعے ایک ہزار دو سو 34 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی تھی۔
منگل کو پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز(پی آئی اے ) کی پہلی پرواز پی کے 9860 جدہ سے دو سو 50 مسافروں کو لے کر اسلام آباد جبکہ دوسری پرواز پی کے 7962 سے دو سو 50 مسافر لاہور گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 16جون کے بعد سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذر یعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتحانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
یکم مئی 2020 سے اب تک جدہ سے پی آئی اے کی 29 پروازوں کے ذریعے تقریباً چھ ہزار دو سو سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
ریاض اور دمام سے 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے پانچ ہزار پانچ سو64 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔
ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے قریبی تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔