پاکستان میں کورونا کے ٹیسٹ اور کیسز میں کمی
اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 88 ہزار 926 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 60 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ تین ہزار 892 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مغییث الدین شیخ کورونا کے باعث انتقال کر گئےہیں۔
اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابقپروفیسر ڈاکٹر مغییث الدین شیخ کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ٹیسٹ دو ہفتے پہلے مٹبت آیا تھا۔
'پچھلے تین دنوں سے ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی جس کے بعد ان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں چوبیس گھنٹے قبل انہیں آئی سی یو میں لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔'
بدھ کی صبح جاری سرکاری اعداد وشمار کے مطابق نئی ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد تین ہزار 755 ہوگئی ہے۔
اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 88 ہزار 926 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
جامعہ پنجاب شعبہ ابلاغیات کے سابق پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک 77 ہزار 754 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جبکہ 11 لاکھ 26 ہزار 761 ٹیسٹ کیے چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 24 ہزار 599 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 72 ہزار 656 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار 124 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 536 ہوگئی ہے۔ اب تک صوبے میں ایک ہزار 516 اموات ہوئی ہیں اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 23 ہزار 388 مریض موجود ہیں۔ صوبے میں 855 اموات ہوئی ہیں.
بلوچستان میں 9 ہزار 634 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں وائرس سے 106 اموات ہو چکی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11 ہزار 483 ہو چکی۔ جبکہ کورونا سے 108 اموات ہوئی ہیں۔
گلگت بلتستان میں ایک ہزار 337 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ 23 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 892 ہے۔ جبکہ علاقے میں 23 افراد اب تک کوونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔