Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی: ہسپتال چلانے کے لیے فوج طلب

ہر مریض کو تشخیصی سینٹر لیجانا انڈیا کے محدود وسائل پر بوجھ سمجھا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 16 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد نئی دہلی میں حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے نئی طبی مراکز کا انتظام سنبھالنے کے لیے حکومت نے فوج طلب کر لی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کیسز کے مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی آبادی دو کروڑ افراد پر مشتمل ہے اور وہاں بھی بدھ کو سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے، جن کی تعداد تین ہزار نو سو تھی۔
نئی دہلی کی مقامی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے 13 ہزار چار سو بستر فراہم کیے گئے ہیں جن میں سے چھ ہزار دو سو استعمال میں ہیں۔
وفاقی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں آرمی کے ڈاکٹروں اور نرسوں کے زیر انتظام عارضی طبی مراکز میں اگلے ہفتے تک 20 ہزار مزید بستر فراہم کیے جائیں گے۔
انڈین وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ فوج کے اہلکاروں کو دہلی میں ریلوے کوچز میں زیر علاج مریضوں کی طبی ضروریات کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
دہلی کی حکومت کے مطابق شہر میں جولائی کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 50 ہزار ہو جائے گی اور ایک لاکھ 50 ہزار بیڈز کی ضرورت ہو گی۔

شیئر: