مکہ میں واٹر ٹینک سے ’پاکستانی‘ لڑکی کی نعش برآمد
مکہ میں واٹر ٹینک سے ’پاکستانی‘ لڑکی کی نعش برآمد
بدھ 24 جون 2020 17:54
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں مکہ کی پولیس کو عمارت کے زیر زمین واٹر ٹینک سے غیر ملکی لڑکی کی نعش ملی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ویب نیوز سبق کے مطابق مکہ کے علاقے الفیحا کی تین منزلہ عمارت میں رہائش پذیر افراد نے پانی میں شدید بو کی شکایت کی جس پر عمارت کے نگران نے ٹینک صاف کرنے والی کمپنی کو بلایا تا کہ زیر زمین واٹر ٹینک کی صفائی کی جا سکے۔
صفائی کمپنی کے اہلکاروں نے ٹینک سے پانی نکالا اور ٹینک کا معائنہ کیا تو وہاں ایک لڑکی کی نعش ملی جو کسی حد تک پانی میں رہنے کی وجہ سے گل گئی تھی۔
عمارت کے مکینوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جنہوں نے نعش اپنی تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے نعش متعلقہ ادارے کے حوالے کر دی ہے جبکہ وقوعہ کے بارے میں تحققیات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
سبق نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نعش پاکستانی لڑکی کی ہے۔
دوسری جانب عاجل نیوز نے وزارت داخلہ کے ٹویٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ لڑکی بے خیالی میں واٹرٹینک میں گرگئی تھی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔