Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: آسمانی بجلی گرنے سے 116 ہلاکتیں

بہار اور اتر پردیش میں مرنے والے زیادہ تر افراد کھیتوں میں کام کر رہے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی شمالی ریاست بہار اور اترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک دن میں سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈیا میں مون سون کی آمد کے بعد طوفانی بارش ہوئی ہے اور محکمہ موسمیات نے آنے والے 72 گھنٹوں کے دوران مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق ڈیزاسٹر مینٹجمنٹ نے کہا ہے کہ بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مرنے والوں کی تعداد 92 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل یہ تعداد 83 بتائی گئی تھی لیکن جمعے کو بہار کے گوپال گنج میں آسمانی بجلی گرنے سے مزید اموات کے نتیجے میں اب یہ تعداد 92 ہوگئی ہے۔
اے این آئی کے مطابق گوپال گنج کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوپیندر پال نے گوپال گنج میں 13 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بجلی کی زد میں آ کر مرنے والوں کے لواحقین کے لیے چار چار لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے جب کہ مقامی پارٹی راشٹریہ جنتا دل کے رہنما اور لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی پرساد نے کہا ہے کہ یہ معاوضہ 10 لاکھ ہونا چاہیے۔
دوسری جانب اتر پردیش میں جمعرات کی شام آسمانی بجلی گرنے کے واقعے میں 24 افراد کے ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

ڈیزاسٹر مینٹجمنٹ نے کہا ہے کہ بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مرنے والوں کی تعداد 92 ہو گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بہار اور اتر پردیش کے کل 31 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک سو 16 اموات ہوئی ہیں۔ بہار کے 23 اضلاع سے ہلاکتوں کی خبریں ہیں اور سب سے زیادہ 13 ہلاکتیں گوپال گنج میں ہوئی جب کہ آٹھ مدھوبنی ضلعے میں ہوئی۔
مرنے والے زیادہ تر افراد اس وقت کھیتوں میں کام کر رہے تھے اور اچانک آندھی آنے اور بجلی گرنے سے ان کی موت ہوئی ہے۔
اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی ہلاک ہونے والے کے لواحقین کے لیے چار چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ان اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ’بہار اور اترپردیش کے کچھ اضلاع میں شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی افسوسناک خبر ملی۔ ریاستی حکومتیں تیزی کے ساتھ امدادی کاموں میں مشغول ہیں۔ اس آفت میں جن لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے جبکہ بہار میں بی جے پی کی حمایت والی نتیش کمار کی حکومت ہے۔
بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ بہار میں اب تک کورنا سے اتنے لوگ ہلاک نہیں ہوئے اس سے کہیں زیادہ ایک دن میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بہار کے آٹھ اضلاع سیوان، گوپال گنج، سیتامڑھی، دربھنگہ، سوپول، اڑریہ، کشن گنج اور کٹیہار میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوگی۔
بہار اور دوسری شمالی مشرقی ریاستوں میں بارش کے اس موسم میں سیلاب آنے کا شدید خدشہ رہتا ہے جس میں ہر سال سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو جاتے ہیں۔
بہار کے سرحدی علاقے میں نیپال کے ساتھ دریاؤں کے بند کی مرمت کی وجہ سے تنازع ہے اور ضرورت سے زیادہ پانی چھوڑنے پر ریاست بہار سیلاب کا الزام اکثر نیپال پر لگاتی ہے۔ 

شیئر: