عاصم اظہر کے نئے گانے میں ٹک ٹاکر اریقا حق جلوہ گر ہوئی ہیں۔ (تصویر: فیس بک )
سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر آئے روز کئی صارفین ڈپریشن سے متلعق بحث میں حصہ لیتے نظر آتے ہیں۔
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خود کشی کے بعد ڈپریشن سے متعلق آگاہی بڑھانے کے حوالے سے جہاں کئی انڈین اداکار اور سماجی کارکن بات کر رہے ہیں وہیں پاکستانی اداکاروں نے بھی اپنے مداحوں کو ذہنی دباؤ سے بچنے اور اپنے اردرگرد کے لوگوں کے بارے میں باخبر رہنے کا پیغام دیا۔
پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’کمال ہے ویسے پہلے ڈپریشن اور ذہنی دباو پر لیکچر دیتے ہیں اور کچھ دن بعد اپنی نفرت اور منفی رویے سے خود ہی کسی کو ڈپریشن کا شکار بنا دیتے ہیں۔‘
جہاں ٹوئٹر صارفین نے ان کی اس بات کی حمایت کی تو کچھ نے انہی کے گانے کے بول سے جواب دیا اور اکثر نے ان سے اختلاف بھی کیا۔
ٹوئٹر صارف ڈاک صافی نے لکھا ’بدقسمتی سے یہ ہمارے معاشرے کا ایک تاریک روپ ہے۔ میرے کچھ دوستوں کی وجہ سے میں ڈپریشن کا شکار ہوا لیکن آج کل وہی لوگ سوشل میڈیا پر خودکشی سے متعلق آگاہی مہم چلا رہے ہیں‘
ٹوئٹر صارف سبحان نے لکھا ’کیوں دیا درد ہمیں ہم آج تلک نہ سمجھے‘ یہ بول ‘جو تو نہ ملا مجھے‘ گانے کے ہیں جو اظہر علی کی شہرت کی وجہ بنا۔
الشبا نے لکھا کہ صحیح کہتے ہیں ’نفرت کرنے والے ہی آپ کے اصل محرک ہوتے ہیں‘
جہاں صارفین اس حوالے سے اپنے تجربات کا ذکر کرتے نظر آئے وہیں اکثر نے عاصم اظہر کی نئی گاڑی اور نئے گانے سے متلعق بھی باتیں شروع کر دیں۔
میری والدہ ہمیشہ سے اس گاڑی کو خریدنے کی خواہش رکھتی تھیں: عاصم اظہر (تصویرفیس بک)
ٹوئٹر صارف میر نے لکھا کہ ’آپ نے نئی گاڑی لی ہے آپ اس سے کھیلیں تو شاید بہتر محسوس کریں گے‘
عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر کچھ روز قبل ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنی نئی گاڑی کے سامنے بیٹھے بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔
عاصم اظہر نے اپنے نئے گانے کی ویڈیو میں ٹک ٹاکر سٹار اریقا حق کے ساتھ کام کیا۔ کئی صارفین اس وجہ سے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔
ٹوئٹر صارف جلیل خان نے لکھا کہ ’اپنے ساتھ ٹک ٹاکرز کو رکھیں گے تو حال ایسا ہی ہوگا‘
عاصم اظہر نے عیدالفطر کے تیسرے روز اپنا پہلا بالی وڈ گانا ’ہمراہ‘ ریلیز کیا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ یوٹیوب پر اب تک لاکھوں مرتبہ سنا اور دیکھا جا چکا ہے۔ عاصم اظہر کا یہ گانا بالی وڈ فلم ‘ملنگ’ میں شامل ہے۔