Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیکڑوں پاکستانیوں کے سامنے پرفارم کر کے لطف آیا، گلوکار عاصم اظہر

 ذکاءاللہ محسن۔ریاض
  سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض آج کل پاکستانی کمیونٹی کی تفریح کا مرکز بنا ہوا ہے۔اس دوران پاکستانی فلم ،سعودی عرب میں دکھانے کے معاہدے ہو رہے ہیں تو دوسری طرف سفارت خانہ پاکستان میں بھی کلاسیکل میوزک نائٹ منائی جا چکی ہے۔
سعودی عرب میں پہلا پاکستانی انٹرنیشنل میوزک کنسرٹ منعقد ہوا۔ مقامی پارک میں ایونٹس ایرینا کی جانب سے شاندار اسٹیج تیار کیا گیا جس سے چمچماتی رنگین لیزر لائٹس نے خوب رنگ بکھیرے جبکہ پاکستانی نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن نوجوان سنگر عاصم اظہر کی آمد نے لوگوں کو خوب پرجوش کئے رکھا۔ سیکڑوں کی تعداد میں موجود میوزک شائقین بیتابی سے عاصم اظہر کے منتظر رہے۔ 
کنسرٹ شروع ہوا تو مقامی گلوکاروں نے بھی اپنی گائیکی کے جوہر دکھائے جبکہ عاصم اظہر اسٹیج پر پہنچے تو ان کا پرجوش طریقے سے استقبال کیاگیا پھر میوزک کا ایک ایسا طوفان شروع ہوا جسے لوگ مدتوں یاد رکھیں گے۔ نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے انگلش اور اردو گانوں کو اپنے ہی انداز میں پیش کر کے شائقین سے خوب دادا وصول کی ۔
کنسرٹ کے آرگنائزر اطہر شاہ، شیراز عالم، سلمان وحید اور عدنان وحید نے کہا کہ وہ بے حد خوش ہیں کہ وہ نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار کو پاکستانی کمیونٹی میں لانے میں کامیاب ہوئے اور یہ سب کچھ ولی عہد کے وژن 2030 کی بدولت ممکن ہو پایا جس سے ریاض میں موجود کمیونٹی کو اچھی تفریح اور میوزک سننے کو بھی ملا۔کنسرٹ میں سرکردہ شخصیات بھی پہنچی تھیں جن میں تصدق گیلانی، وقار نسیم وامق، مبین چوہدری اور دیگر نے کہا کہ وہ بچوں کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ انہوں نے اتنا اچھا شو پیش کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح سعودی عرب نوجوانوں کو آگے لا رہا ہے ،اس سے نہ صرف وژن 2030 کامیاب ہوگا بلکے پورے ملک میں نوجوان بہتر انداز میں متحرک ہوںگے۔ ہم سعودی حکومت کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو پاکستانیوں کو اپنے ثقافتی رنگ اجاگر کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ گلوکار عاصم اظہر نے کہا کہ مجھے سعودی عرب میں سیکڑوں افراد کے سامنے پرفارم کرکے لطف آیا اور جس طرح پاکستانی کمیونٹی نے پیار دیا، میں اسے مدتوں یاد رکھوں گا۔
 

شیئر: