Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت خارجہ میں دستاویز کی تصدیق کے لیے ’اپائنٹمنٹ‘

پیشگی وقت لینے کے لیے خصوصی براوزر لانچ کیا گیا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر: وزارت خارجہ)
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کے لیے ’اپائنٹمنٹ‘ کی سہولت دی گئی ہے۔ فارن آفس کی ویب سائٹ پر یہ سہولت موجود ہے۔
 ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری  بیان میں کہا گیا کہ ’دستاویزات کی تصدیق کا پیشگی وقت لینے کے لیے خصوصی براوزر لانچ کر دیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا اوروہ وقت مقررہ پر آ کر اپنی دستاویزات کی تصدیق کرا سکیں گے‘۔
وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر درج ہدایات کے مطابق ’کوئی بھی شخص جسے دستاویزات کی تصدیق کرانی ہوں اسے چاہئے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل کرے‘۔

وزارت خارجہ کے ٹوئٹر اکاونٹ  پراپائنٹمنٹ کی اطلاع کا عکس

ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ’دیے گئے پیشگی وقت سے زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ قبل وزارت خارجہ پہنچا جائے۔ ماسک کا استعمال لازمی ہے‘۔
’وزارت خارجہ آنے والا شخص تنہا ہو کسی کو ہمراہ نہ لائے۔ سماجی دوری کے اصول پر عمل کرے ، دفتر میں داخل ہوتے وقت جسمانی درجہ حرارت چیک کرانا لازمی ہوگا۔ کاونٹر پر وزارت کی ویب سائٹ سے جاری اپائنٹمنٹ نمبر دکھانا ہوگا‘۔
واضح رہے وزارت خارجہ میں دستاویزات کی تصدیق کے لیے دشواری ہوتی تھی۔ محدود تعداد میں لوگوں کو نمبر جاری ہوتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی دوری کے اصول پرعمل کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی وقت کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ لوگ اپنے مقررہ وقت پر آئیں اور انہیں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: