ایران: ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری
قاسم سلیمانی جنوری میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے (فوٹو اے ایف پی)
ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے الزام میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت 35 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے پراسیکیوٹر علی القاسمیہر نے پیر کو کہا ہے صدر ٹرمپ اور دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے ایران نے انٹرپول سے مدد طلب کی ہے۔
ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی رواں برس تین جنوری کو عراق میں امریکہ کے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ایران کے پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر کہا تھا کہ ایران امریکہ سے بدلہ لے گا۔
امریکہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ ’قاسم سلیمانی کو نشانہ اس لیے بنایا گیا کیونکہ وہ عراق اور پورے خطے میں امریکی سفارتکاروں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی میں سرگرم تھے۔‘
حملے کے کچھ گھنٹوں بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر عراق کی عوام نے سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’عراقی آزادی کے لیے سڑکوں پر ڈانس کر رہے ہیں اور شکرگزار ہیں کہ جنرل سلیمانی اب نہیں رہے۔‘