نخلستانوں کے مالکان تازہ کھجوریں مارکیٹ میں بھیج رہے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب مدینہ منورہ کی مارکیٹوں اور منڈیوں میں نئے موسم کی تازہ کھجوروں کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملک بھر میں کھجوروں کے موسم کی تازہ پیداوار کا آغاز مدینہ منورہ سے ہوگیا ہے، اور روتانا، الربیعہ، لونۃ مساعد اور دیگر قسم کی کھجوریں مارکیٹ میں وافر مقدار میں نظر آنے لگی ہیں۔ دوسری طرف نخلستانوں کے مالکان تازہ کھجوریں دھڑا دھر مارکیٹ میں بھیج رہے ہیں۔
مدینہ منورہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تازہ کھجوریں مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔ باغات کے مالکان کا کہنا ہے کہ کھجوریں زیادہ دن مہنگی نہیں رہیں گی، کیونکہ جیسے جیسے گرمی کا موسم شدت پکڑے گا ویسے ویسے کھجوریں تیزی سے پکنے لگیں گی، اور جب پکی کھجوروں کی رسد بڑھے گی تو نرخ کم ہوجائیں گے۔
کھجوروں کی مارکیٹوں کے تاجروں کا کہنا ہے کہ تازہ کھجوریں الرطب کہلاتی ہیں زیادہ دن تک نہیں چلتیں۔ جلد ہی کھجوریں پکنے لگیں گی پھرالعجوۃ، الصفاوی، العنبرۃ اور المجدول کھجوریں مارکیٹ میں نظر آنے لگیں گی۔