Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کھجور برآمد کرنے والا بڑا ملک؟

سعودی عرب 23 ممالک میں کھجوروں کی مارکیٹنگ کررہا ہے۔ فوٹو: الاقتصادیہ
سعودی عرب دنیا بھر میں کھجوروں کا دیس مانا جاتا ہے۔ انواع و اقسام کی سعودی کھجوریں پوری دنیا میں پسند کی جارہی ہیں۔ سعودی عرب تیل کے علاوہ دیگر اشیا برآمد کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق کھجوروں کے قومی مرکز نے مملکت کے اندر اور باہر کھجوروں کی مارکیٹنگ کے لیے پانچ اہم معاہدے کیے ہیں۔ یہ معاہدے ریٹیل کی بڑی مارکیٹوں اور تنظیموں کے ساتھ کیے گئے ہیں۔

سعودی کھجوریں بیرونی مارکیٹوں میں کسی اضافی فیس کے بغیر برآمد ہوں گی۔ فوٹو: فائل

کھجوروں کے قومی مرکز نے 21 تا 24 اکتوبر 2019ء کو ریاض میں زرعی نمائش کے دوران کھجوروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا۔ اس میں کھجوروں کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار، تاجروں کے نمائندے اور مختلف ممالک کے سفیر شریک ہوئے۔
سینٹر کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر محمد النویران نے بتایا ہے کہ معاہدوں کی اہم بات یہ ہے کہ ایسی سعودی کھجوریں بیرون ملک بھیجی جائیں گی جنہیں عمدہ ہونے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ سعودی کھجوریں بیرونی مارکیٹوں میں کسی اضافی فیس کے بغیر برآمد ہوں گی۔
النویران نے توجہ دلائی ہے کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ سعودی عرب پوری دنیا میں سب سے زیادہ کھجوریں برآمد کرنے والا ملک بن جائے۔ نئے معاہدوں کی بدولت سعودی عرب میں کھجوروں کی پیداوار کا دائرہ وسیع کرنے اور معیار مزید بہتر بنانے والی سکیمیں بھی نافذ ہوں گی۔
فروغ برآمدات ادارے کے عہدیدار عبد الرحمٰن العتیبی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب 23 ممالک میں کھجوروں کی مارکیٹنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے مقامی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ مقامی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ بیرونی مارکیٹوں پر بھی نظر رکھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: