Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: کورونا سے ہلاک افراد کی میتیں گڑھے میں پھینک دیں

انڈیا میں 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا کی صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے اور بدھ کو جاری کردہ سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
انڈیا کی وزارت خارجہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
جوں جوں وبائی مرض سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ملک بھر سے بہت سے تکلیف دہ اور انسانیت سوز واقعات رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔
کرناٹک کے ضلع بیلاری میں ایک واقعہ پیش آیا جس پر سوشل میڈیا میں سخت ردِعمل نظر آیا۔ کرناٹک کے بیلاری علاقے میں کووڈ سے ہلاک ہونے والے آٹھ افراد کی لاشوں کو جس طرح ٹھکانے لگایا گیا اس نے اس بحث کو پھر سے تازہ کر دیا ہے کہ میتوں کی بے حرمتی عام ہو رہی ہے۔
لاش کو ایک گڑھے میں پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ریاست کرناٹک کی حکومت نے اس میں شریک فیلڈ ٹیم پر پابندی لگا دی ہے اور حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین سے معافی بھی مانگی ہے۔
کانگریس کے رہنما ڈی کے شیو کمار نے اس ویڈیو کو پوسٹ کیا جس پر سرکاری عملہ تیزی کے ساتھ حرکت میں آیا۔ نائب کمشنر وار ضلع مجسٹریٹ ایس ایس نکول نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویڈیو کی جانچ کرنے پر پتا چلا کہ یہ واقعہ بیلاری کا ہے جہاں آٹھ افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق نکول نے کہا کہ 'ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دفنانے کے ضابطے کی پوری پابندی کی گئی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے جس طرح سے میت کے ساتھ سلوک کیا ہے اس پر افسوس ہے۔۔۔ اس میں شامل تما فیلڈ ٹیم کو معطل کر دیا گیا ہے اور ایک نئی ٹیم کو تربیت دی جائے گی۔'
اس سے قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نوجوان نے کہا تھا کہ اس کا آکسیجن ماسک ہٹا دیا گیا ہے اور اب وہ مرنے جا رہا ہے۔
دریں اثنا بہار سے ایک خبر سامنے آئی ہے کہ ایک ہی علاقے میں ایک سو سے زیادہ کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ در اصل پٹنہ کے پاس پالی گنج میں حال میں ایک شادی ہوئی تھی جس کے دو دن بعد دلہے کی کورونا سے موت ہو گئی۔

کرناٹک میں آٹھ افراد کی میتوں کو گڑھے میں پھینک دیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

 جب ضلعی انتظامیہ کو یہ خبر ملی تو انھوں نے شادی میں شامل ہونے والوں کی جانچ کرائی جس میں 111 افراد کووڈ 19 پازیٹو پائے گئے۔
اب یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ شادیوں میں جہاں 50 لوگوں کی اجازت تھی وہاں اس سے زیادہ تعداد میں لوگ کیوں شامل ہوئے۔ لوگوں کی بے پروائی جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شادی میں 90 لوگ شریک ہوئے تھے۔ پہلے شادی میں شریک 15 لوگوں کے ٹیسٹ مثبت پائے گئے اور پھر مزید 80 لوگوں کے مثبت ٹیسٹ آئے۔ اس طرح بہار میں وسیع پیمانے پر کورونا کے پھیلنے کی بات پہلی بار سامنے آئی ہے۔
انڈیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 80 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 400 سے زیادہ ہے۔

شیئر: