صرف مخصوص صورت حال میں ہی سفر کی اجازت ہوگی(فوٹو گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اماراتی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے سیاحت کی غرض سے ابھی تک بیرون ملک سفر کی پابندی قائم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سیاحت اور تفریحی مقاصد کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں۔ اس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاو کا سدباب ہے۔
نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) کے ترجمان سیف الشہری نے بتایا ہے کہ تاحال صرف ان افراد کے لیے بیرون ملک سفر کی اجازت ہے جو اپنا تعلیمی سلسلہ، علاج معالجے، سفارتی مشن، کاروبار کی غرض سے جانا چاہتے ہیں یا پھر وہ مقیم غیر ملکی جو اپنے ممالک میں واپس جانے کے خواہش مند ہیں۔
سیف الثہری نے آن لائن نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ ’ضروری سفر کی اجازت ہے لیکن انفرادی کیس کی بنیاد پر اس کا اندازہ لگایا جائے گا کہ سفر کی اجازت کس حد تک ضروری ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قومی سطح پر طے شدہ رہنما اصول ہیں جب کہ اضافی طریقہ کار کا اعلان مقامی حکام کریں گے۔
دو ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 23 جون سے مخصوص شرائط کے تحت بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت ہوگی جس کا اعلان ہونا باقی تھا۔
7 جولائی سے غیر ملکیوں کے لیے براستہ دبئی پرواز کرنے کی اجازت دی جائے گی لیکن دیگر ریاستوں سے ابھی اس اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے سبب مارچ کے مہینے میں تمام پروازوں کو روک دیا تھا اورغیر ملکی شہریوں کے امارات میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔