مغربی ریاست مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مزید 19 ہزار سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے اور اب کورونا سے مجموعی طور پر متاثر ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 19 ہزار 148 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزرا 834 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ 12 دنوں میں انڈیا میں کورونا کے دو لاکھ سے زائد کیسز مثبت آئے ہیں اور پانچ سے چھ لاکھ کیسز ہونے میں محض پانچ دن کا وقت لگا ہے۔
مغربی ریاست مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز ہیں، اس کے بعد ملک کی جنوبی ریاست تمل ناڈو ہے پھر انڈیا کے دارالحکومت دلی کا نمبر آتا ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ابھی تک انڈیا میں ایک کروڑ لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔
24 مارچ سے ملک میں نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن کو 100 دن پورے ہو رہے ہیں اور اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں کسی نہ کسی صورت میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ اگرچہ حکومت نے آہستہ آہستہ اس میں نرمی لانی شروع کی ہے تاہم ابھی زندگی معمول پر لوٹنے سے کوسوں دور ہے۔
انڈیا کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے یعنی کسی جگہ چار سے زیادہ افراد اکٹھے نہیں ہو سکتے جبکہ شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں بھی کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
انڈیا کی مختلف ریاستوں میں کچھ بنیادی سہولتوں کے ساتھ لاک ڈاؤن کو 31 جولائی تک بڑھا دیا گیا ہے اور بعض جگہ اسے مرحلہ وار کھولا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وزارت صحت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ کووڈ 19 کے مشتبہ کیسز کے معاملے میں مرنے والوں کی میتیں ان کے لواحقین کو ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کیے بغیر دے دی جائیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں مشرقی ریاست مغربی بنگال میں ایک معمر شخص کی موت کے بعد حکام نے ان کی لاش کو ٹھکانے لگانے کی اجازت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے لواحقین کو میت کو فریزر میں رکھنا پڑا اور اس کے لیے انھوں نے فریزر کرایے پر لیا تھا۔
بعد میں جب مرنے والے کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تو پھر حکام نے ان کی آخری رسومات ادا کرائی۔
دریں اثنا دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے کہا ہے کہ دہلی میں کورونا کی وبا کنٹرول میں ہے لیکن وزیر اعلی اروند کیجریوال نے متنبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بھروسہ نہ کریں کہ وبا کا خراب ترین دور گزر چکا ہے۔