Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت سے ایک لاکھ غیر ملکیوں کی واپسی

واپس اپنے ملک جانے والوں میں بڑی تعداد مصری باشندوں کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کویت سے ایک ماہ میں ایک لاکھ سے زیادہ غیرملکی اپنے ملکوں کو واپس چلے گئے۔ ان میں بڑی تعداد مصری باشندوں کی ہے۔
کویتی جریدے القبس نے محکمہ شہری ہوابازی کے حوالے سے بتایا کہ کویت سے جانے والی پروازوں کے اعداد وشمار سے پتہ چلا ہے کہ اس ماہ  کویت سے رخصت ہونے یا بے دخل کیے جانے والے تارکین کی مجموعی تعداد  ایک لاکھ 2 ہزار 623 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کا تعلق 27 عرب اور دیگر ملکوں سے ہے۔ یہ 31 مئی سے 30 جون تک 590 پروازوں سے کویت سے اپنے اپنے وطن کے لیے رخصت ہوئے۔
اعداد وشمار کے مطابق کویت سے جانے والوں کی سب سے بڑی تعداد کا تعلق مصر سے ہے ۔ 49986 مصری 293 پروازوں سے روانہ ہوئے ہیں۔

دوسرے نمبر پر انڈین باشندے کویت سے واپس گئے ہیں۔ (فوٹو روئٹرز)

کویت ایئرپورٹ سے قاہرہ، اسیوط، سوھاج اور اسکندریہ کے لیے پروازیں گئی ہیں۔
دوسرے نمبر پر 30633 انڈین باشندے 185 پروازوں سے کویت سے واپس گئے ہیں۔  یہ کویت کو خیر باد کہنے والوں کا 30 فیصد تھے۔ انڈین دہلی، لکھنؤ، گوا اور مدراس جانے والی پروازوں سے رخصت ہوئے۔
2500 ایرانی  گیارہ پروازوں، 2022 بنگلہ دیشی سات پروازوں،  2113 نیپالی پندرہ پروازوں، 1386 ایتھوپین دس پروازوں سے کویت سے اپنے اپنے ملک روانہ ہوئے ہیں۔
پاکستان کے 725 شہری چار پروازوں سے واپس گئے جبکہ اتنی ہی تعداد میں سوڈانی بھی رخصت ہوئے ہیں۔

شیئر: