تین خلیجی ممالک امارات، سعودی عرب اور سلطنت عمان کو جوڑے گی۔(فوٹو سوشل میڈیا)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) جنرل سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ گلف ٹرین تین خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور سلطنت عمان کو جوڑے گی۔ 2023 میں منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ نے معاون سیکریٹری جنرل برائے اقتصادی و ترقیاتی امور خلیفہ العبری نے بتایا ہے کہ گلف ٹرین کا پہلا مرحلہ 2023 میں مکمل ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 2025 میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں امارات، سعودی عرب اور سلطنت عمان جبکہ دوسرے مرحلے میں بحرین، سعودی عرب اور کویت گلف ٹرین منصوبے سے مربوط ہوں گے۔
خلیفہ العبری کا کہنا تھا کہ گلف ٹرین کی بدولت جی سی سی ممالک کے درمیان سامان کی منتقلی آسان ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ گلف ٹرین کے نام سے جی سی سی ممالک ریلوے منصوبہ نافذ کررہے ہیں۔ اس سے خلیجی ممالک کے درمیان سیاحت کو تقویت پہنچے گی۔ عام افراد ایک دوسرے کے یہاں آسانی سے آجاسکیں گے اور کاروبار میں تیزی آئے گی۔
گلف ٹرین کی ریلوے لائن کویت سے عمان تک 2117 کلو میٹر طویل ہوگی۔ اس کی فی گھنٹہ رفتار 220 کلو میٹر رہے گی۔ اس پر 15 ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئے گی۔
العبری نے مزید کہا کہ جی سی سی ممالک کو بجلی نظام سے مربوط کرنے کا منصوبہ بھی بے حد اہم ہے۔ اس پر 2001 میں عمل درآمد شروع ہوا تھا۔ اس کی بدولت جی سی سی ممالک کو بڑے فائدہ ہوں گے۔