نشے میں گاڑی چلانے اور فائرنگ کرنے والا ٹرک ڈرائیور گرفتار
نشے میں گاڑی چلانے اور فائرنگ کرنے والا ٹرک ڈرائیور گرفتار
ہفتہ 4 جولائی 2020 20:13
ٹرک ڈرائیور نے پولیس موبائلز کو بھی ٹکر ماری (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں خمیس مشیط پولیس نے نشے میں دھت منی ٹرک ڈرائیور کو تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا ۔ ڈرائیور انتہائی خطرناک انداز میں ٹرک چلا رہا تھا جبکہ وہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے گاڑیوں پرفائرنگ بھی کررہا تھا۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق خمیس مشیط میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کی ایک مصروف شاہراہ پر ایک شخص منی ٹرک انتہائی خطرناک انداز میں چلا رہا ہے۔ اس کے پاس آتشی اسلحہ بھی ہے اور ساتھ گزرنے والی گاڑی پر فائرنگ بھی کررہا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کنٹرول روم کی جانب سے علاقے میں موجود پولیس پٹرولنگ یونٹس کو فوری طور پر ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا۔
پولیس کو ملزم کے بارے میں متعدد لوگوں نے ٹیلی فون پر اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی گاڑی کو ٹرک ڈرائیور نے ٹکر ماری اور فائرنگ بھی کی۔
کنٹرول روم سے احکامات موصول ہوتے ہی علاقے میں موجود پولیس اہلکاروں نے ٹرک کا تعاقب کیا۔ اس دوران ڈرائیور نے پولیس موبائلزکو بھی ٹکر ماری اور انتہائی خطرناک انداز میں ٹرک چلاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی مگر وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکا۔
پولیس اہلکاروں نے بالآخر ملزم کو ٹرک روکنے پر مجبور کر دیا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کی حالت غیر طبعی تھی۔ اسے حراست میں لے کر میڈیکل چیک اپ کے لیے پولیس ہسپتال روانہ کیا گیا ۔ ٹرک سے ایک بندوق اور متعدد راؤنڈز بھی برآمد ہوئے۔