واقعہ میں ملوث ایک 30 سالہ شہری گرفتار کیا گیا ہے۔ فوٹو سبق
مشرقی ریجن میں طالبات کی پرائیویٹ گاڑی پر فائرنگ کرنے والا سعودی شہری گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شہری کی فائرنگ سے ایک طالبہ ہلاک جبکہ انڈین ڈرائیور سمیت دو زخمی ہوگئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق منگل کی صبح دمام شہر میں ایک شخص نے طالبات کی گاڑی کا تعاقب کیا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’طالبات کی گاڑی پر فائرنگ کرنے سے ڈرائیور سمیت تین طالبات زخمی ہوئیں تھیں جن میں سے ایک کی حالت سنگین تھی۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’طالبات کو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ہلاک ہوگئیں، جبکہ دیگر کو معمولی زخم آئے تھے۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’واقعہ میں ملوث شخص کو تلاش کر کے گرفتار کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک 30 سالہ شہری ہے۔ اس کے قبضے سے پسٹل بھی برآمد ہوئی۔‘