’پروازوں کی بحالی پر آپ سب سے پہلے کہاں جائیں گے؟‘
اتوار 5 جولائی 2020 19:08
مہوش حیات کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں سفر اور ایئر پورٹس کو بہت یاد کر رہی ہیں (فوٹو:ٹوئٹر مہوش حیات)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، اپنے اگر اردگرد نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ لوگ آہستہ آہستہ اب اس طرزِ زندگی سے بیزار ہو رہے ہیں۔
والدین بچوں کی تعلیم کے حوالے سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں تو بیشتر افراد دفتروں میں جا کر کام کرنے کو بہتر سمجھتے ہوئے 'ورک فرام ہوم' سے تنگ ہیں۔
گھومنے پھرنے کے شوقین افراد جن کے پلانز اس وبا کی وجہ سے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں وہ بھی بہت اداس رہنے لگے ہیں کیونکہ زندگی کب معمول پر آئے گی اس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔
شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے بھی خود کو مختلف قسم کی سرگرمیوں میں مصروف رکھا ہوا ہے تاکہ منفی خیالات سے بچ سکیں۔
تمغہ امتیاز اپنے نام کرنے والی مشہور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ٹوئٹر پر اپنے ماضی کے بہترین دنوں کو یاد کرتے ہوئے ایک پیغام شئیر کیا اور بتایا کہ وہ ان دنوں سفر اور ایئر پورٹس کو بہت یاد کر رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہوش حیات نے اپنی دو تصاویر شیئر کیں جن میں وہ ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔
تصاویر شیئر کرتے ہوئے مہوش حیات نے لکھا کہ ’میری بے چین آزاد روح اُن پُرانے دنوں کو بہت زیادہ یاد کر رہی ہے کہ جب ہم ایئرپورٹس جاتے تھے سفر کرتے تھے اور میں سٹار بکس کو بھی بہت یاد کر رہی ہوں۔‘
مہوش حیات نے اپنے مداحوں سے بھی اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’جب دوبارہ پروازیں کھولیں گی اور سب کچھ پہلے کی طرح نارمل ہو جائے گا تو آپ کس جگہ جانے کا انتخاب کریں گے؟'
اداکارہ کے اِس سوال کا جواب دیتے ہوئے کسی نے اپنے پرانے سفر کی تصاویر شئیر کیں تو کسی نے لاک ڈاؤن ختم ہونے اور فلائٹ آپریشن کے بحال ہونے پر بنائے گئے پلانز کے متعلق بتایا۔
ٹوئٹر صارف ارشاد قاسم نے لکھا کہ ’میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں، میں بھی یہ سب بہت یاد کر رہا ہوں، مختلف جگہ کا کھانا، شاپنگ کرنا، آزادی سے گھومنا پھرنا۔ اس کی وجہ سے میرے چہرے سے مسکراہٹ غائب ہوگئی ہے۔‘
امبر احمر کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے چار دوستوں کے ساتھ ترکی جانا چاہتی ہوں۔‘
کچھ صارفین بیرون ممالک میں پھنس جانے کا گلہ کرتے بھی نظر آئے، ٹوئٹر صارف رانا صاحب نے لکھا ’ہم پہلے ہی بیرون ملک ہیں اور پروازوں کی بحالی پر واپس پاکستان جانا چاہتے ہیں۔‘