وینا ملک کا ٹوئٹر کو خیرباد: ’تسی جا رہے او تسی نہ جاؤ‘
وینا ملک نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی (تصویر: انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ وینا ملک جو کچھ عرصے سے سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر کافی متحرک تھیں اب انہوں نے سوشل میڈیا کو چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
وینا ملک نے ماضی میں مختلف سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور اکژ ہمسایہ ملک انڈیا کے حوالے سے بھی بحث میں حصہ لیتی رہی ہیں۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے لکھا کہ ’میں غیر معینہ مدت کے لیے سوشل میڈیا چھوڑ رہی ہوں۔‘
اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا چھوڑنے کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں دی گئی البتہ سوشل میڈیا صارفین اس بارے میں اپنے اپنے اندازے لگانے میں مصروف ہیں۔
وینا ملک نے ماضی میں اپنے اکاؤنٹ سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ’پاکستان میں سب سے پہلے میرا اور عمران خان کا اکاؤنٹ ویرفائیڈ ہوا تھا جس میں میرے تقریبا 30 لاکھ فالورز تھے پھر وہ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا جسے میں نے خود بند کروا دیا تھا۔
ٹوئٹر صارف فیاض علی نے سوشل میڈیا چھوڑنے کے دورانیے کے حوالے سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے لکھا کہ ’غیر معینہ مدت ایک منٹ بھی ہو سکتی، ایک گھنٹہ بھی، ایک دن بھی، ایک ہفتہ بھی اور ایک سال بھی۔'
ٹوئٹر صارف رضا الطاف نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا پر ویسے بھی آپ کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے واپسی کی زحمت مت کرنا، شکریہ۔‘
ٹوئٹر صارف عالیہ گجر نے مشہور ڈائیلاگ سے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے لکھا کہ ’تسی جا رہے او، تسی نہ جاؤ‘
جہاں متعدد صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا وہیں اکثر نے انہیں واپس آنے کے لیے بھی کہا۔ ٹوئٹر صارف وی ڈی نے لکھا کہ خدا حافظ امید ہے آپ کو جلد دوبارہ بہتر انداز میں دیکھیں گے، بحیثیت ایک کمال اداکارہ۔