مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 48.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ’ گرمی کی چوتھی لہر ایک ہفتے تک چلے گی۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا‘۔
عبدالعزیز الحصینی کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب میں موسم گرما کے آغاز سے لے کر اب تک گرمی کی تین لہریں آچکی ہیں اور اب چوتھی لہر شروع ہوگئی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ گرمی کی نئی لہراتوار 5 جولائی کو شروع ہوئی ہے اور یہ ایک ہفتے تک جاری رہے گی‘-
اتوار کو مشرقی ریجن کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر درجہ حرارت 48.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے۔
الحصینی نے یہ بھی بتایا کہ مشرقی ریجن کے بہت سارے شہروں میں شدید گرمی رہی ہے۔ مثلا الخبر میں درجہ حرارت 47، الاحسا میں 48، دمام میں46، ریاض میں 45 اور الخرج میں 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گرمی کی نئی لہر سال رواں کے موسم گرما کی سب سے طاقتور لہر ہوگی۔ ہر سال ان دنوں سخت گرمی پڑتی ہے۔