مملکت کے چھ شہروں میں زبردست گرمی پڑی ہے۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعے کو سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر ریکارڈ کی گئی- سب سے زیادہ درجہ حرارت ( 47 سینٹی گریڈ) رفحا شہر میں رہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مملکت کے چھ شہروں میں زبردست گرمی پڑی ہے۔ رفحا میں 47 سینٹی گریڈ، دمام، قیصومہ میں 46 سینٹی گریڈ جبکہ ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ 43 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ دوسری جانب سعودی عرب کے تین شہروں میں جمعہ کو زیادہ گرمی نہیں پڑی وہاں درجہ حرارت 30 سے 32 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
باحہ میں 30 سینٹی گریڈ، جبکہ خمیس مشیط اور ابہا میں درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ تک محدود رہا۔
محکمہ موسمیات نے سعودی عرب کےایسے 21 شہروں کی فہرست جاری کی ہے جہاں درجہ حرارت 40 سے 47 سینٹی گریڈ کے درمیان پایا گیا- ان میں جدہ بھی شامل ہے۔
دوسری فہرست ایسے سات شہروں پر مشتمل ہے جہاں درجہ حرارت نسبتا کم پایا گیا۔ ان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ینبع کا بتایا گیا ہے جہاں 39 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔