عالمی برادری ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرے، کابینہ
عالمی برادری ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرے، کابینہ
بدھ 8 جولائی 2020 10:23
کابینہ نے کورونا کے شکار ہونے والے افراد کو پیش کی جانے والی طبی سہولتوں کو تسلی بخش قرار دیا ہے (فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی امور پر بحث کی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی وبا کے انسداد کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کابینہ نے کورونا کے شکار ہونے والے افراد کو پیش کی جانے والی طبی سہولتوں کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
کورونا وائرس کے بحران کے باعث نجی شعبے کے متاثر ہونے والے اداروں اور افراد کو پیش کی جانے والی حکومتی امداد پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بحران کے آغاز سے اب تک حکومت نے 214 بلین ریال لاگت کے 142 امدادی منصوبے انجام دیئے ہیں جن سے وبا کے باعث پیدا ہونے والے مالی نقصانات کا ازالہ ہوگا‘۔
وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا ہے کہ ’کابینہ نے اقوام متحدہ میں سعودی عرب کو ایرانی اسلحہ سے نشانہ بنانے کی رپورٹ پر بحث کرنے کو سراہتے ہوئے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع کی جائے‘۔
کابینہ نے عالمی برادری سے ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہاہے کہ ایرانی انتظامیہ پر اسلحہ کے حصول پر پابندی میں توسیع کی جائے ، اس کے میزائل اور جوہری پروگرام کو روکا جائے‘۔
’سعودی عرب خطے کے استحکام کے لیے حریص ہے اور اپنی سلامتی یا سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتا‘۔
’سلامتی کونسل میں سعودی سر زمین کو حوثی باغیوں کے میزائلوں سے نشانہ بنانے کی مذمت کا خیر مقدم کیا گیا ہے‘۔
’کابینہ نے یمن میں امن کے قیام اور طے شدہ اصولوں کے مطابق مسئلے کےحل پر زور دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شامی بحران کے حل کے لیے سعودی عرب نے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام کے مصائب کا خاتمہ ہونا چاہئے، شام میں عالمی قرار دادوں کے مطابق بحران کا حل نکالا جائے‘۔