اتحادی افواج نے حوثیوں کی دو بارودی کشتیاں تباہ کردیں
جمعرات 9 جولائی 2020 15:21
’ساحل سے 215 میٹر دور دہشت گردانہ کارروائی کے لیے استعمال کی جانے والی کشتیوں کو تباہ کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
عرب اتحادی افواج نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی سمندری گزرگاہ کو نشانہ بنانے والی حوثیوں کی دو بارودی کشتیاں تباہ کردی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’اتحادی افواج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رات 3 بجکر 20 منٹ پر بحیرہ احمر میں کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں کی دوریموٹ کنٹرول کشتیاں تباہ کی ہیں‘۔
’الصلیف بندرگاہ سے 6 کلو میٹر اور ساحل سے 215 میٹر دور دہشت گردانہ کارروائی کے لیے استعمال کی جانے والی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے‘۔
’حوثی باغیوں نے بین الاقوامی قوانین کو بالاطاق رکھتے ہوئے بین الاقوامی سمندری گزرگاہ اور عالمی تجارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کارروائی سے پہلے عالمی قوانین اور شہریوں کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی کی گئی ہے‘۔
’حوثی ملیشیا نے الحدیدہ کو دہشت گرد کارروائیوں کے لیے اڈہ بنا رکھا ہے جہاں سے میزائل اور ڈرون حملوں کے علاوہ بارودی کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں۔ یہیں سے بارودی سرنگیں بھی بچھائی جارہی ہیں‘۔