سعودی وزیر خارجہ نے چین عرب وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب خطے کے استحکام کو خطرہ پیدا کرنے والے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کرے گا- عرب ممالک کے امور میں مداخلت ناقابل برداشت ہوگی‘-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے اردن کی صدارت میں چین عرب وزرائے خارجہ کے وڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’سعودی عرب، عرب علاقوں کی سلامتی، خودمختاری اور اتحاد و سالمیت کا علمبردار ہے۔عرب ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن تھا، ہے اور رہے گا‘-
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاکہ ’عرب ممالک کے اندرونی امور میں علاقائی طاقتوں کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں-علاقائی طاقتیں مسلح دہشتگرد ملیشیاؤں کی مدد، فرقہ وارانہ اور نسلی فتنوں کی آگ بھڑکا کر تخریبی کردارادا کررہی ہیں- صورتحال کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اس کا سنجیدگی سے نوٹس لے‘-
سعودی وزیر خارجہ نے عرب ملکوں کے روایتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے پھر کہاکہ تمام عرب ممالک چین کے اتحاد و سالمیت اور خودمختاری کے حامی تھے، ہیں اور رہیں گے-
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق، عرب امن فارمولےِ، دو ریاستی حل سے متعلق چین کی تائید و حمایت کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں-
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہاکہ ہم سب بنی نوع انساں کے مشترکہ انجام سے متعلق چینی صدر کے افکار اور مشترکہ مفادات کے لیے شاہراہ ریشم کے منصوبے کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم سب سعودی عرب میں چین عرب سربراہ کانفرنس منعقد کرکے چین عرب تعاون کو نقطہ عروج تک پہنچائے گے۔