السدیس نے ’حاجی اور زائر کی خدمت ہمارے لیے تمغہ اعزاز‘مہم کا افتتاح کیا ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج زائرین کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا یے جس کا نام ’حاجی اور زائر کی خدمت ہمارے لیے تمغہ اعزاز‘ ہے۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ سات برس سے اس سلوگن کے ساتھ حج زائرین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ یہ اس کا آٹھواں سال ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نئے حج موسم کی تیاریاں ’پیشگی منصوبے‘ کے ساتھ کرچکے ہیں۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ نے حج موسم شروع ہونے سے قبل ہی حج پلان تیار کرلیا تھا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال حج منصوبے کے نمایاں مقاصد میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تمام زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا ،انہیں نئے کورونا وائرس سے بچانے اور وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے موثر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کی خدمت کرنے والے کارکنان کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرالسدیس نے اطمینان دلایا کہ سعودی قیادت مقدس مساجد کے زائرین کو اعلی خدمات فراہم کرنے کے لیے ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لے رہی۔ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان زائرین کی خدمت رضائے الہی کے جذبے سے کررہے ہیں۔