’ریڈار کی غلط سمت‘ یوکرینی طیارے کو گرانے کا سبب: ایران
’ریڈار کی غلط سمت‘ یوکرینی طیارے کو گرانے کا سبب: ایران
اتوار 12 جولائی 2020 13:43
ایران نےاعتراف کیا تھا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے میزائل حملے کا نشانہ بنا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران نے کہا ہے کہ رواں سال جنوری میں یوکرین کے مسافر طیارے کو ریڈار کی سمت میں غلطی کی وجہ سے مار گرایا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ ایئرڈیفنس سسٹم کے ایک ریڈار کو جوڑنے میں غلطی یوکیرین کے مسافر طیارے کو گرانے کا اہم سبب بنا۔
ایران کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ریڈار کو جوڑنے کے لیے پروسیجر کو فالو کرنے میں غلطی کی وجہ سے سسٹم میں 107 ڈگری کا ایرر واقع ہوا۔‘
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ اس غلطی کی وجہ سے ایک خطرناک سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے جہاز گرنے سے پہلے اور بھی ایرر (علطیاں) ہوئے۔
اس رپورٹ کو حادثے کی 'فیکچول رپورٹ' کہا جا رہا ہے، حتمی نہیں۔
ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ جہاز کی طرف داغے گئے دو میزائل ایئر ڈیفنس یونٹ کے آپریٹر کی طرف سے تھے جنہوں نے 'کوارڈینیشن سینٹر سے ہدایات لیے بغیر' ایسا کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دوسرا میزائل 30 سیکنڈ بعد داغا گیا۔
جس وقت جہاز گرا اس وقت تہران کا فضائی دفاعی سسٹم ہائی الرٹ تھا کیونکہ اس سے کچھ دیر قبل ایران نے عراق میں موجود امریکی افواج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ایران نے امریکی افواج پر میزائل حملے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے میں کیا تھا۔
خیال رہے کہ یوکرین انٹرنیشنل ائیرلائن کا بوئنگ 800-737 طیارہ اس سال 8 جنوری کو تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مسافر طیارے میں عملے کے نو افراد بھی سوار تھے جب کہ مرنے والوں میں ایران کے 82، کینیڈا کے 63، یوکرین کے 11، سوئیڈن کے 10، 4 افغانی اور جرمنی و برطانیہ کے تین، تین شہری موجود تھے۔
بعد میں ایران نےاعتراف کیا تھا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے میزائل حملے کا نشانہ بنا۔