وزٹ ویزا خود کار نظام کے تحت بڑھا دیا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے نئے کورونا وائرس کے دوران ختم ہو جانے والے فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ سعودی عرب میں موجود ان غیرملکیوں کے وزٹ ویزے میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کا ویزا سفری پابندیوں کے دوران ختم ہوگیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا ہے کہ نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے ایسے تمام غیرملکیوں کا وزٹ ویزا خود کار نظام کے تحت بڑھا دیا جائے گا جو سفری پابندیوں کے دوران ختم ہوگیا ہو۔
محکمہ پاسپورٹ نے یہ وضاحتی بیان ٹوئٹر پرغیرملکیوں کی جانب سے اس حوالے سے کیے جانے والے سوالات کے جواب میں جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا تھا کہ شاہی فرمان کے مطابق تمام تارکین وطن کے اقاموں میں جنہیں شاہی فرمان کے ذریعے جرمانوں اور فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے خود کار نظام کے تحت جلد توسیع کردی جائے گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے۔
وزٹ ویزے کتنی اقسام کے اور دورانیہ کتنا؟
سعودی عرب میں وزٹ ویزوں کی دو اقسام ہیں جن میں فیملی وزٹ اور بزنس وزٹ ویزے شامل ہیں۔
فیملی وزٹ سے مراد اہل خانہ ہیں جن میں اہلیہ، بچے، والدین اور اہلیہ کی والدہ شامل ہیں جبکہ بزنس وزٹ میں کاروباری تجارتی افراد کے لیے عارضی بنیاد پر وزٹ ویزوں کا اجرا کیا جاتا ہے۔
وزٹ ویزے 6 ماہ سے لے کر ایک برس تک جاری ہوتے ہیں۔ بنیادی طور پر وزٹ ویزے کا دورانیہ 3 ماہ کا ہوتا ہے۔ اس میں بعد ازاں 3 ماہ کی مزید توسیع کی جاتی ہے۔
ملٹی پل وزٹ ویزہ جو کہ ایک برس کے لیے ہوتا ہے اس کے لیے لازمی ہے کہ 6 ماہ کے بعد وزٹ پر آنے والے افراد مملکت سے باہر جائیں اور دوبارہ انٹری دیں اس کے لیے لازمی نہیں کہ وہ اپنے ملک ہی جائیں بلکہ قریبی ملک بھی جایا جا سکتا ہے۔
موجودہ صورت حال کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر عائد پابندی کے بعد صورت حال مختلف ہو گئی ہے کیونکہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد ہے اور ملٹی پل وزٹ ویزے پر آنے والے ایگزٹ نہیں کرسکتے۔
وزٹ ویزوں کا اجرا ادارہ ’استقدام‘ سے کیا جاتا ہے بعدازاں اس کی حتمی منظوری وزارت خارجہ سے جاری کی جاتی ہے۔ابشر اکاونٹ پر وزٹ ویزا نکالنے کے لیے درخواست جمع کرائی جاتی ہے۔