Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقاموں میں توسیع جلد خود کار نظام کے تحت ہوگی

وزارت نے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
 سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ شاہی فرمان کے مطابق تمام تارکین وطن کے اقاموں میں توسیع جلد ہی خود کار نظام کے تحت کردی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ان تمام غیرملکیوں کے اقاموں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹرکے ساتھ یکجتہی پیدا کر کے خودکار نظام کے تحت جلد کردی جائے گی، جنہیں شاہی فرمان کے ذریعے جرمانوں اور فیس سے استثنی دے دیا گیا ہے۔
جبکہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے اس سے قبل اپنے بیان میں بتایا تھا کہ سعودی حکومت نے متعدد زمروں میں آنے والےغیرملکیوں کو ویزے اور اقامہ ختم ہو جانے پرلگنے والے جرمانوں اور فیسوں سے استثنی دے دیا ہے۔
اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے جرمانے اور فیس سے مستثنی غیرملکیوں کے زمروں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔
 واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کے دوران سفری پابندیوں کے باعث اقامے اور ویزے کی مدت ختم ہوجانے کی مشکلات سے دوچار غیرملکیوں کو جرمانے اور فیس سے استثنیٰ دینے اعلان کیا تھا۔ 
الاخباریہ چینل اور سبق کے مطابق میجر جنرل سلیمان الیحیی نے بتایا کہ جو لوگ خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ہولڈر ہیں، ان کا اقامہ موثر ہے اور وہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آ سکے، ان پر کوئی جرمانہ ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔

ویزے اور اقامہ ختم ہوجانے پرلگنے والے جرمانوں اور فیسوں سے استثنی دیاہے۔(فوٹو ایس پی اے)

اسی طرح وہ غیرملکی جن کا اقامہ ختم ہوگیا ہو، یا سعودی عرب سے باہر رہتے ہوئے ان کے ویزے کی میعاد نکل گئی ہو، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔
سعودی عرب میں مقیم وہ غیرملکی جو فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) جاری کر چکے ہوں یا ان کے پاس خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ) ہو اور سفر نہ کرسکے ہوں، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔
وہ لوگ جو سعودی عرب وزٹ ویزے پر آئے ہوں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے واپس نہ جا سکے ہوں وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہیں۔

شیئر: