Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس سے مزید 50 اموات

کورونا کے 2 ہزار 151 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 50 اموت ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 320 ہو گئی ہے جبکہ 1979 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
 منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 603 ہو چکی ہے جن میں سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 77 ہزار 628 ہے۔ کورونا وائرس کے ایک لاکھ 70 ہزار 656 متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

 

پاکستان میں اب تک 16 لاکھ 6 ہزار 190 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 20 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
ملک میں وبا کے 2 ہزار 151 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں وبا کے لیے مختص 1825 وینٹی لیٹرز میں سے 362 مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 622 ہو گئی ہے جبکہ 63 ہزار 829 صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں کورونا سے 1826 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کی وبا سے 2 ہزار 26 اموات ہو چکی ہیں اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے جبکہ 63 ہزار 977 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ پنجاب میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار 492 ہو چکی ہے۔

پاکستان میں وبا کے ایک لاکھ 70 ہزار 656 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

خیبر پختونخوا میں کورونا کے 30 ہزار 747 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ صوبے میں ایک ہزار 106 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 21 ہزار 312 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 14 ہزار 202 مریضوں کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 11 ہزار 327 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، 155 اموات ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں 11 ہزار 192 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں 126 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ بلوچستان میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار 812 ہے۔
گلگت بلتستان میں 1694 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ علاقے میں 1370 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1655 ہو چکی ہے۔ ایک ہزار 29 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں 45 اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: