Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'عرب نیوز کا فرانس ایڈیشن ثقافت کے درمیان پُل بنے گا‘

افتتاحی تقریب میں جمہوریہ جبوتی کے صدر مہمان خصوصی تھے۔ فوٹو عرب نیوز
مشرق وسطیٰ کے معروف انگریزی روزنامے ’عرب نیوز‘ نے فرانس سے نئے آن لائن ایڈیشن کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان اور جاپان کے بعد فرانس سے یہ عرب نیوز کا تیسرا بیرون ملک ایڈیشن ہے جس کی افتتاحی تقریب منگل کے روز پیرس ٹائم کے مطابق شام چھ بجے منعقد ہوئی۔
آن لائن تقریب میں سعودی عرب اور فرانس کے حکومتی عہدیداروں، سفارتکاروں اور صحافیوں نے ’زوم‘ کے ذریعے شرکت کی۔

 

’عرب نیوز ان فرانس‘ کے نام سے شائع ہونے والے ویب ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد فرانس کے قومی دن کے موقع پر کیا گیا۔ تقریب میں فرانسیسی زبان بولنے والے افریقی ملک جمہوریہ جبوتی کے صدر اسماعیل عمر بطور مہمان خصوصی تھے۔
اس موقعے پر سعودی دارالحکومت ریاض میں تعینات فرانسیسی سفیر فرنسوا گوییت نے عرب نیوز کے نئے ایڈیشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہماری ثقافت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی نیوز وب سائٹ ’دونوں ممالک کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور حوصلہ افزائی کرنے کا موقع فراہم کرے گی، ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں تنہائی کی باتیں ہو رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ ’سعودی عرب اور فرانس کے درمیان رشتوں کو مضبوط کرنے کی علامت بنے گا۔‘
سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد علی قصابی جو میڈیا کے قائم مقام وزیر بھی ہیں، نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرانس کو قومی دن پر مبارکباد دی نئے ایڈیشن کے آغاز پر عرب نیوز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فرانسیسی سفیر فرنسوا گوییت اور سعودی وزیر ڈاکٹر ماجد علی تقریب میں شریک ہوئے۔ فوٹو عرب نیوز

مہمان خصوصی جمہوریہ جبوتی کے صدر اسماعیل عمر اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ ’بردرانہ ممالک سعودی عرب اور جبوتی کے عوام کے درمیان رشتوں کی ایک تاریخ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب ایک معاشی طاقت ہونے کے ساتھ ثقافت اور تہذیب کا بھی مرکز ہے جو دنیا کو یکجا کرنے میں سب سے آگے ہے۔‘
عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل عباس نے کہا کہ عرب نیوز کا نیا ایڈشن تمام فرانسیسی بولنے والے عربوں کی زبان بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب محض ایک ’مذہبی اور معاشی مرکز نہیں ہے بلکہ اس خطے نے جتنی بھی متاثر کن اور سنجیدہ اصلاحات دیکھی ہیں یہ اس کا بھی گھر ہے۔
فیصل عباس نے نئے ایڈیشن کے لانچ کے لیے ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس نے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود اسے ممکن بنایا۔
’عرب نیوز ان فرانس‘ ایڈیشن کی لانچنگ تقریب میں سعودی عرب کی پہلی اوپرا گلوکارہ سوسن البہیتی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جنہوں نے لیجنڈری فرانسیسی فنکار ایڈتھ پیاف کا مشہور گانا ’لا وی این روز‘ گایا۔

گلوکارہ سوسن البہیتی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا (فوٹو: عرب نیوز)

سعودی عرب کے پہلے انگریزی اخبار ’عرب نیوز‘ نے 1975 میں اشاعت کا آغاز کیا تھا اور اس سال اخبار کی  پینتالیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
’عرب نیوز ان فرانس‘ کے ایڈیشن کا آغاز اس امر کا احساس ہے کہ عرب دنیا اور فرانسیسی بولنے والے ممالک کے درمیان مواصلاتی رابطہ کاری ہونا کس قدر اہم ہے۔
عرب نیوز کے دو نئے آن لائن ایڈیشنز میں سے ایک فروری 2018 میں پاکستان سے شروع ہوا جبکہ دوسرے کا آغاز جاپان سے اکتوبر 2019 میں کیا گیا۔

شیئر: