ترجمان کے مطابق صحت کو پہنچنے والے نقصانات کے دعوے مبالغہ آمیز ہیں۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’سینیٹائزر کے استعمال سے جسمانی صحت کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے اطلاعات مبالغہ آرائی پر مبنی ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ سینیٹائزر کا استعمال مضر صحت ہے۔ اس سے انسانی جلد کو نقصان پہنچتا ہے اور یہ دل کے امراض کا باعث بن جاتا ہے۔
وزارت کے ترجمان نے سینیٹائزر کے استعمال سے نقصانات کی بابت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کا جواب دیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ’ہاتھوں کی صفائی کا بہترین وسیلہ پانی اور صابن ہیں جو لوگ جلدی امراض یا الرجی سے دوچار ہوں وہ سینیٹائزر کے حوالے سے معالجین سے رجوع کریں۔ معالج ہی بتائیں گے کہ جلدی الرجی سے دوچار افراد کے لیے کون سا سینیٹائزر زیادہ بہتر ہوگا‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت صحت نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی تھی کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت یا کسی بھی چیز کو چھونے کے بعد گھر آکر سینیٹائزر کا استعمال کریں تاکہ کورونا وائرس سے بچا جاسکے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے مشورہ دیا ہے کہ سینیٹائزر کا استعمال توازن کے ساتھ کیا جائے۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے سب سے بہتر ذریعہ پانی اور صابن سے ہاتھ دھوتے رہنے کا ہے۔ صابن اور پانی نہ ہونے کی صورت میں سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔