نیپرا آفس ہفتہ، اتوار کو بھی کھلا ر ہے گا
جمعرات 16 جولائی 2020 20:36
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
کراچی میں ایک مہینے سے طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شکایات درج کروانے کے لیئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں ریجنل آفس ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نیپرا ترجمان ساجد اکرم نے اردو نیوز کو بتایا کہ بجلی کے بلوں کی اوور بلنگ اور دیگر شکایات درج کروانے کے لئے نیپرا کا کراچی ریجنل آفس 2013 سے کام کر رہا ہے اور صارفین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں صارفین کو بتایا گیا کہ اگر بل پہ میٹر کی ریڈنگ غلط ہو یا یونٹس کی کھپت کا ٹھیک شمار نہیں لگایا گیا تو صارف بل کی کاپی کے ساتھ ہفتے کے ساتوں دن نیپرا آفس آکر درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
کراچی میں ایک مہینے سے طویل دورانیے کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔
عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے نیپرا نے کھلی کچہری کا احتمام بھی کیا تھا جس میں عوامی نمائندوں نے مسائل کے انبار لگا دیئے تھے، جس کے بعد اب نیپرا نے کراچی میں عوامی دفتر کو چٹھی کے دنوں میں بھی کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس سے قبل مقامی میڈیا پہ نیپرا کے حوالے سے خبر گردش کر رہی تھی کہ نیپرا نے لوڈشیڈنگ کی موجودہ صوتحال کے پیشِ نظر کراچی میں عارضی دفتر کھولا ہے، جس کے حوالے سے نیپرا ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں نیپرا کا دفتر 2013 سے کام کر رہا ہے۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ عوام کی خدمت کے لیئے حاضر ہے اور لوگ کسی بھی شکایت کی صورت میں نیپرا افسران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔