فنکار نے پائلٹ کی سیٹ پر بیٹھ کرتصویر بنائی (فوٹو: عاجل نیوز)
مصری عدالت نے معروف فنکار کو سوشل میڈیا پر پائلٹ کے خلاف غیر مناسب باتیں کرنے پر ایک برس قید اور 20 ہزار مصری پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنا دی۔
مقامی ویب نیوز عاجل نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فنکار محمد رمضان کے خلاف مصری پائلٹ ’ابوالیسر‘ نے اپنے وکیل کے ذریعے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
کریمینل کورٹ میں دائر کیے جانے والے دعوے میں کہا گیا تھا کہ فنکار محمد رمضان نے سوشل میڈیا پر ان کی شہرت کو نہ صرف نقصان پہنچایا بلکہ ان کے خلاف نازیبا گفتگو بھی کی۔
مدعی کے وکیل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور دیگر ثبوت بھی عدالت کو پیش کیے جس پر عدالت نے فنکار کو ایک برس قید اور 20 ہزار مصری پاؤنڈ جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ عدالت نے ضمانت کے لیے 10 ہزار مصری پاؤنڈ جمع کرانے کا حکم بھی صادر کر دیا۔
مصری ذرائع ابلاغ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فنکار محمد رمضان پرواز کے دوران پائلٹ کے کیبن میں گئے جہاں انہوں نے اپنا تعارف کرانے کے بعد پائلٹ سے درخواست کی کہ وہ جہاز کے کاک پٹ میں بیٹھ کر ایک تصویر لینا چاہتے ہیں جس پر پائلٹ نے جہاز کو آٹو پر لگا کر ان کو پائلٹ کی سیٹ پر بٹھا دیا۔
فنکار نے نہ صرف کاک پٹ پر بیٹھ کر تصویر بنائی بلکہ جہاز میں اناؤنس بھی کیا کہ ’آپ کا پائلٹ محمد رمضان آپ سے مخاطب ہے۔‘
مصری ایئر لائن نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پائلٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لائسنس معطل کرکے انہیں گراؤنڈ کر دیا۔
پائلٹ کے خلاف انکوائری کی خبریں شائع ہونے پر فنکار نے ان سے رابطہ کیا مگر کسی بات پر ان کے درمیان اختلاف ہو گیا۔ فنکار نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پائلٹ کے خلاف نازیبا الفاظ کہے جس پر پائلٹ نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے فنکار کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔