مصر:غیراخلاقی مواد کی تشہیر، 5 ٹک ٹاک سٹارز پر مقدمہ
مصر:غیراخلاقی مواد کی تشہیر، 5 ٹک ٹاک سٹارز پر مقدمہ
منگل 16 جون 2020 11:38
ٹک ٹاک گرلز کیس کے نام سے مشہور ہونے والے مقدمے کی سماعت کل کو پیر کو ہوئی تھی ( فوٹو: العربیہ)
مصر میں ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیو شیئر کرنے پر 5 لڑکیوں کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے جنہیں مختلف سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مصر میں گزشتہ دنوں مذکورہ لڑکیوں کو معاشرتی اقدار اور اخلاق کے منافی ویڈیو شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹک ٹاک گرلز کیس کے نام سے مشہور ہونے والے مقدمے کی سماعت کل پیر کو ہوئی تھی جس میں ٹک ٹاک سٹار مودہ الادہم کو جیل کا لباس زیب تن کیے ہوئے پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے ٹک ٹاک سٹار کو فرد جرم سناتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہوں نے معاشرتی اقدار، اخلاق کے منافی اور خاندانی روابط کی بیخ کنی کرنے والا مواد شیئر کیا ہے۔‘
اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے مودہ نے کہا ہے کہ ’میں نے ایسا کچھ نہیں کیا، پورا مصر سماجی ایپلی کیشن استعمال کرتا ہے۔‘
بعد ازاں مصری عدالت نے کیس کی سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مصری پولیس نے ٹک ٹاک سٹار حنین حسام کو غیر اخلاقی ویڈیو شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، بعد ازاں اسی الزام میں مودہ الادہم کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مودہ الادہم کے یوٹیوب پر3 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 16 لاکھ فالورز ہیں۔
مصری پولیس نے کمیونیکیشن بورڈ کو ہدایت کی تھی کہ مذکورہ خواتین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے غیر اخلاقی ویڈیو ہٹا دی جائیں۔
اس سے پہلے مارچ میں مصری پولیس نے مودہ الادہم کو کرفیو توڑنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جب انہوں نے کرفیو کے دوران گھر سے باہر نکل کر ویڈیو شیئر کی تھی۔