Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا متاثرین ’ڈھائی کروڑ ہیں‘: ایرانی صدر

اس سے قبل ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ بتائی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ڈھائی کروڑ ایرانی شہری کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور خطرہ ہے کہ مزید ساڑھے تین کروڑ افراد وبا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سرکاری سطح پر بتایا گیا تھا کہ ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد دو لاکھ 70 ہزار کے قریب ہے، لیکن اب ایرانی صدر نے جو تعداد بتائی ہے وہ پہلے بتائے گئے اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہے۔

 

عرب نیوز کے مطابق ایرانی صدر نے جو اعداد و شمار دیے ہیں وہ وزارت صحت کی تازہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں، لیکن ٹی وی پر تقریر کرتے ہوئے صدر روحانی نے یہ نہیں بتایا کہ اعداد و شمار میں اتنا بڑا فرق کیسے آیا۔
ایران کی کُل آبادی آٹھ کروڑ سے زیادہ ہے اور اسے کورونا وائرس نے بری طرح متاثر کیا ہے۔
ایرانی صدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’ہمارا اندازہ ہے کہ ڈھائی کروڑ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور 14 ہزار کے قریب ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ممکن ہے کہ مزید تین سے ساڑھے تین کروڑ لوگ وبا سے متاثر ہو جائیں گے۔‘
صدر روحانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’دو لاکھ سے زائد افراد ہسپتال میں داخل کروائے جا چکے ہیں۔‘

شیئر: