Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عید گھر پر گزاریں اور رش سے پرہیز کریں‘

شبلی فراز نے کہا کہ 'عیدالاضحیٰ پر احتیاط کیے جانے کی ضرورت ہے۔‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ معاونین اور مشیران کے اثاثے ظاہر کر کے ایک اور وعدہ پورا کر دیا گیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ حکمرانوں کے اثاثے کتنے اور کہاں ہیں۔'
شبلی فراز کے بقول وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اخبارات اور میڈیا کے بقایہ جات ادا کیے جانے کی ہدایت بھی کی۔
'میری ذمہ داری لگائی گئی ہے، ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے، اگلے اجلاس تک ادائیگی کا کہا گیا ہے۔'
 
شبلی فراز نے گندم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہو گی، عوام کو بھی اس ضمن میں تعاون کرنا چاہیے۔
'پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر صوبے ایک ہی ملک ہیں، ان کے درمیان طلب اور رسد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔'
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں روٹی کپڑا مکان کے نعرے لگائے گئے لیکن وہ محض نعرے تھے۔
'اب یہ کام عمران خان کرنے جا رہے ہیں، احساس پروگرام اور ہاؤسنگ سکیم کے تحت۔'
شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے وزیراعظم کی کی پالیسی کامیاب رہی ہے اور بیماری میں کمی ہو رہی ہے۔
'عیدالاضحیٰ پر احتیاط کیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ بیماری نہ پھیل سکے۔'
انہوں نے بتایا کہ پچھلی عید پر بھی احتیاط کی جاتی تو مرض آج مزید کم ہوتا۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ عید گھر پر گزاریں اور رش سے پرہیز کریں۔
شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی وی فیس میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے، کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے مختلف وزرا کی آرا مختلف پائیں گئیں جس پر فیصلہ کیا گیا۔

شیئر: