سعودی شاہی بحریہ کے نئے جہاز الجبیل کی تقریب رونمائی
سعودی شاہی بحریہ کے نئے جہاز الجبیل کی تقریب رونمائی
جمعرات 23 جولائی 2020 11:51
سعودی عرب کی رائل نیوی کی جانب سے اپنے بحری بیڑے میں شامل ہونے والے نئے جہاز الجبیل (ہل نمبر 828) کی تکمیل کی تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا۔
سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الجبیل نامی یہ جہاز سعودی بحری فورس کے لیے سپین کی جہاز ساز کمپنی ناونشیا کے تعاون سے تیار کیے جانے والے پانچ جہازوں میں سے ایک ہے۔
یہ جہاز سعودی عریبین ملٹری انڈسٹریز (سامی) اور ناونشیا کے مابین مشترکہ منصوبے کے ذریعہ تیار کیے جا رہے ہیں اس مشترکہ منصوبہ کا نام سامی ناونشیا انڈسٹریز ہے۔
اس منصوبہ کے تحت تیار کیے جانے والے جہاز 2024 تک سعودی عرب کی رائل نیول فورس کو فراہم کیےجائیں گے۔
ان جہازوں میں خصوصی طور پر جنگی حالات میں فائر کنٹرول سسٹم اور دیگر ٹیکنالوجیز کے ساتھ مواصلات کا بہترین نظام نصب ہوگا۔
سعودی شاہی بحریہ کے وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی اور ناونشیا کے صدر سوسانا ڈی ساریہ اور دیگر فوجی وسرکاری عہدیداروں نے اس تقریب میں شرکت کی۔
سعودی گزٹ کے مطابق اس موقع پر وائس ایڈمرل فہد الغفیلی نے سپین کی جہاز ساز کمپنی ناونشیا سے معاہدے کے منصوبے کی اہمیت بیان کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی شاہی بحریہ کے لیے صلاحیت کے حصول کے بڑے پروگراموں میں سے ایک ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب اور سپین کے مابین مضبوط اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور جہاز سازی کے میدان میں تعلیم اور تربیت کے حوالے سے سعودی بحریہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے میں اہم قدم ہے۔
اس منصوبے کی کامیابی مستقبل کے منصوبوں اور پائیدار شراکت کے لیےانتہائی اہم ثابت ہو گی۔
اس جہاز کی لمبائی 104 میٹر ہے اور سطح سمندر سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لانچر، 76 ملی میٹر کی گن اور تارپیڈو لانچرز کے ساتھ فلائٹ ڈیک کے ہینگر میں 10 ٹی کلاس کا ہیلی کاپٹر موجود ہوگا۔