Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریحام خان کے سوالوں کے دلچسپ جوابات

ریحام خان کے ٹویٹ کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا صارفین کے سوالات کا تانتا بندھ گیا (فوٹو:ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر خاصی متحرک رہتی ہیں، سماجی معاملہ ہو یا سیاسی ایشو ریحام خان ٹوئٹر پر اپنی رائے کا بھرپور اظہار کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے ان کی ٹویٹس پر جہاں ان کے ناقدین تنقیدی تبصرے کرتے ہیں وہیں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کا دفاع بھی کرتی نظر آتی ہے۔
ریحام خان نے اپنے مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا سیشن شروع کیا جس میں انہوں نے اپنے فالوورز کو پورا موقع دیا کہ وہ جو کچھ چاہتے ہیں ان سے بلا جھجک پوچھ سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھ سے سوال پوچھیے کیونکہ آج میرا مزاج غیرمعمولی طور پر خوشگوار ہے۔‘
ریحام خان کے اس ٹویٹ کی دیر تھی کہ AskRehamKhan# کے ہیش ٹیگ سے سوشل میڈیا صارفین کے سوالات کا تانتا بندھ گیا۔
کچھ صارفین نے ان سے ان کی پسند کے گانے، فلموں اور شخصیات کے بارے میں دریافت کیا تو کچھ نے ملک کی موجودہ صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور سیاست سے جڑے مختلف سوالات پوچھ ڈالے۔
جبکہ کئی صارفین ایسے بھی تھے جنہیں عمران خان سے متعلق ان کے خیالات جاننے میں دلچسپی تھی۔

جہانزیب بچہ نامی صارف نے ان کی پسندیدہ فلم اور گانے کا پوچھا تو ریحام خان نے بتایا کہ ’یہ مشکل سوال ہے کیونکہ بہت سے گانے ہیں لیکن آج کل سانوں اک پل چین نہ آوے، رابطہ اور گیندا پھول پسند ہیں۔‘ اس کے ساتھ انہوں نے ہالی وڈ کی کچھ فلموں کے نام لکھے جو انہیں پسند ہیں۔

محمد وقاص نامی صارف نے پوچھا کہ ’ہم اس حکومت سے کیسے چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں؟‘ جس پر ریحام خان نے جواب دیا کہ ’عوام کے ذریعے، جب وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔‘

سمی ناصر نامی ٹوئٹر صارف نے سوال کیا کہ 'پاکستان میں صحافی ہونا کتنا اچھا ہے؟' اس سوال پر ریحام خان نے لکھا کہ 'بہت خطرناک۔'

ایک صارف نے تو ریحام خان سے ان کی عمران خان کے ساتھ شادی کے حوالے سے سوال پوچھ لیا کہ 'اتنی ذہانت کے باوجود عمران خان کیسے آپ کو شادی کے لیے قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے؟' جس پر انہوں نے اتنا ہی لکھا کہ 'وہ مصر تھے۔'

محمد فہیم نے بھی عمران خان سے متعلق سوال داغا جس میں انہوں نے ریحام خان سے عمران خان کے لیے کوئی ایک جملہ بولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ریحام خان نے جواب میں لکھا کہ 'انہیں اپنی شہرت دوسروں کی بہتری کے لیے استعمال کرنی چاہیے تھے۔'

بھرت جاٹ نامی صارف نے ویراٹ کوہلی سے متعلق ریحام خان کی رائے جاننا چاہی تو انہوں نے لکھا کہ 'میں ان کی فین ہوں خاص طور پر ان کی ڈریس سینس کی۔'

پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی ریحام خان نے عمران خان سے متعلق سوال کیا کہ ان کا عمران خان کے ساتھ سب سے برا تجربہ کیا تھا، لیکن ریحام خان نے شرمیلا فاروقی کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ 

شیئر: