خلاف ورزی پر10 ہزار ریال جرمانہ کیاجائے گا۔ ( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مشاعر مقدسہ( منی ، مزدلفہ اور عرفات) جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے 62 چیک پوسٹ قائم کی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس میں چیک پوسٹوں کے نگران کرنل طارق الربیعان کا کہنا ہے کہ اس سال حج سیزن کے لیے انتہائی محدود تعداد میں عازمین حج کو اجازت دی گئی ہے۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو بھی مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہے اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے پہلے ہی احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔
وزارت داخلہ کے احکامات کی پابندی کرتے ہوئے مشاعر مقدسہ کے چاروں اطراف میں قانون نافذ کرنے والے ادارو ں کی جانب سے خصوصی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں جہاں اہلکار 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی پر متعین ہیں۔
چیک پوسٹیں منی ، عرفات اور مزدلفہ کے اطراف میں قائم کی گئی ہیں جہاں آنے والوں سے پرمٹ دیکھا جاتا ہے۔ پرمٹ کے بغیر کسی شخص کو خواہ وہ گاڑی میں ہویا پیدل مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے مشاعر مقدسہ جن میں منی ، عرفات اور مزدلفہ شامل ہیں یہ مکہ مکرمہ شہر کے ساتھ ہی ہیں۔ منی کی حدود مکہ کے علاقے العزیزیہ سے متصل ہے درمیان میں ایک پل ہے جسے عبور کرکے منی میں داخل ہوا جاسکتا ہے۔
مکہ سے منی کی مسافت مختلف سمتوں سے 5 سے 8 کلو میٹر ہے ۔ عام حج سیزن میں بیشتر حجاج پیدل ہی منی سے مکہ مکرمہ آتے جاتے تھے۔
رواں برس کورونا وائرس سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت سخت حفاظتی اقدامات کے تحت مشاعر مقدسہ جانے والے راستوں کو سیل کرکے وہاں خصوصی چیک پوائنٹ بنا دیئے گئے ہیں تاکہ لو گ پیدل بھی مشاعر مقدسہ میں داخل نہ ہوسکیں۔
یاد رہے اس سال خصوصی احکامات کے تحت جو شخص بھی پرمٹ کے بغیر مشاعر مقدسہ جاتا ہوا پکڑا جائے گا اس پر10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔